مرکزی وزیر انا پورنا دیوی کی متاثرہ خاندان سے ملاقات،ڈی جی پی کو فوری کارروائی کی ہدایت
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی ،12جنوری :مرکزی وزیر برائے بہبودِ خواتین و اطفال اناپورنا دیوی اتوار کے روز دھروا میں واقع لاپتہ بچوں کی رہائش گاہ پر پہنچیں اور اہل خانہ سے ملاقات کر کے ان کا حال جانا۔ وزیر موصوفہ نے اہل خانہ سے پورے واقعے کی تفصیلی معلومات لی اور ان کے دکھ درد کو سنجیدگی سے سنا۔ اس دوران بچوں کی ماں نے جذباتی ہو کر اپنے بچوں کی جلد اور بحفاظت بازیابی کی فریاد کی۔ اس موقع پر مرکزی وزیر نے جھارکھنڈ کی ڈی جی پی تداشا مشرا سے فون پر بات کی اور لاپتہ بچوں کی ماں اور اہل خانہ کی بھی براہِ راست بات چیت کروائی، تاکہ ان کی بات اعلیٰ سطح تک پہنچے اور فوری کارروائی یقینی بنائی جا سکے۔ ا ناپورنا دیوی نے اہل خانہ کو یقین دلاتے ہوئے کہا کہ بچوں کی حفاظت اولین ترجیح ہے اور اس معاملے میں کسی بھی سطح پر لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ انتظامیہ اور پولیس حکام سے مسلسل تال میل برقرار رکھتے ہوئے بچوں کی جلد از جلد تلاش اور محفوظ واپسی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ مرکزی وزیر نے مقامی پولیس کے طریقہ کار پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر واقعے کے پہلے 24 گھنٹوں میں مقامی پولیس نے مستعدی دکھائی ہوتی، تو آج یہ صورتحال پیدا نہ ہوتی۔ انہوں نے واضح کیا کہ لاپرواہی کسی بھی صورت میں قابل قبول نہیں ہے اور ذمہ داری طے کی جانی چاہیے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جس مقام پر یہ واقعہ پیش آیا ہے، وہاں سے کچھ ہی کلومیٹر کے فاصلے پر ریاست کا پولیس ہیڈکوارٹر واقع ہے۔ ساتھ ہی ریاست کے تمام وزراء اور وزیر اعلیٰ بھی یہاں سے چند منٹوں کی دوری پر کام کرتے ہیں۔ اس کے باوجود ان کی ناک کے نیچے اتنا سنگین واقعہ ہو جانا اور کسی کو کانوں کان خبر تک نہ ہونا، ریاست کی امن و امان کی صورتحال پر سنگین سوالات کھڑے کرتا ہے۔اس موقع پر مقامی عوامی نمائندے، سماجی کارکنان اور بڑی تعداد میں علاقے کے لوگ موجود تھے، جنہوں نے متاثرہ خاندان سے اپنی ہمدردی کا اظہار کیا۔



