مرکزی وزراء منوہر لال کھٹر اور سنجے سیٹھ نے پیش کیا خراجِ عقیدت
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی ،12؍جنوری: سوامی وویکانند سروور میں آج یگ پرورتک سوامی وویکانند کے یومِ پیدائش پر حکومت ہند کے مرکزی وزیر برائے شہری ترقی، ہاؤسنگ اور توانائی، منوہر لال کھٹر کے ساتھ مرکزی وزیر مملکت برائے دفاع سنجے سیٹھ نے اپنے گلہائے عقیدت پیش کیے۔ اس موقع پر سنجے سیٹھ نے کہا کہ سوامی جی نے کم عمری میں عالمی سطح پر بھارت کی جو چھاپ چھوڑی، وہ ہر ہم وطن کے لیے باعثِ تحریک ہے۔ سوامی وویکانند کی زندگی ہمیں بتاتی ہے کہ اگر مقصد بڑا ہو اور اس کے لیے ہماری لگن سچی ہو تو حالات چاہے جیسے بھی ہوں، ہم منزل حاصل کر لیتے ہیں۔ ان کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی آج عالمی افق پر بھارت کو نئی پہچان دلارہے ہیں۔ بھارت کی نوجوان نسل ہی ملک کی اصل توانائی ہے۔ اگر ہم اس توانائی کو ‘قوم پہلے‘(Nation First) کے جذبے کے ساتھ کام میں لائیں، تو سوامی وویکانند جی کے خوابوں کے بھارت کی تعمیر کی راہ مزید ہموار ہوگی۔آج کے اس پروگرام میں مہا نگر صدر ورون ساہو، دیہی مشرقی ضلع کے صدر دھیرج مہتو، سوامی بھاویش آنند جی سمیت سینکڑوں کی تعداد میں این سی سی (NCC) کیڈٹس موجود تھے۔



