مجموعی رنز کی فہرست میں دوسرے نمبر پر براجمان
بین الاقوامی کرکٹ میں 28 ہزار رنز کا سنگِ میل عبور
وڈودرا، 12 جنوری (یواین آئی ) ہندوستانی کرکٹ کے ‘کنگ‘ ویراٹ کوہلی نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ ریکارڈز ان کے قدم چومنے کے لیے ہی بنتے ہیں۔ نیوزی لینڈ کے خلاف جاری ون ڈے سیریز کے پہلے ہی میچ میں کوہلی نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے دوسرے کھلاڑی بننے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔نیوزی لینڈ کی جانب سے دیے گئے 301 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں ہندوستان کی شروعات ملی جلی رہی۔ روہت شرما 26 رنز پر پویلین لوٹ گئے، جس کے بعد ویراٹ کوہلی میدان میں اترے۔ انہوں نے 91 گیندوں پر 93 رنز کی میچ وننگ اننگز کھیلی، جس میں 8 دلکش چوکے اور ایک بلند و بالا چھکا شامل تھا۔ شبھمن گل کی نصف سنچری اور کوہلی کی اس باری کی بدولت ہندوستان نے کیویز کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں برتری حاصل کر لی۔اس میچ سے قبل کوہلی کے مجموعی رنز 27,975 تھے اور وہ تیسرے نمبر پر تھے۔ اپنی 93 رنز کی باری کے دوران انہوں نے سری لنکا کے سابق کپتان کمار سنگاکارا (28,016 رنز) کو پیچھے چھوڑ دیا۔اپنی اس فتح گر اننگز پر کوہلی کو ‘مین آف دی میچ‘ قرار دیا گیا۔ یہ ان کے کیریئر کا 45 واں ون ڈے مین آف دی میچ ایوارڈ ہے۔ وہ اب سنتھ جے سوریا (48) اور سچن تندولکر (62) کے ریکارڈ کی جانب تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔کرکٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ جس رفتار سے ویراٹ کوہلی رنز بنا رہے ہیں، وہ دن دور نہیں جب وہ ماسٹر بلاسٹر سچن تندولکر کے کئی اور بڑے ریکارڈز کو بھی خطرے میں ڈال دیں گے۔



