Saturday, January 10, 2026
ہومWest Bengalابھیشیک بنرجی کا الیکشن کمیشن اور بی جے پی پر شدید حملہ

ابھیشیک بنرجی کا الیکشن کمیشن اور بی جے پی پر شدید حملہ

ووٹر لسٹ سے نام غائب کرنے کا الزام؛بی جے پی ایم ایل ایز کو ’سانپ‘ قرار دیا

جدید بھارت نیوز سروس
علی پور دوار: ترنمول کانگریس کے سینئر لیڈر اور رکن پارلیمنٹ ابھیشیک بنرجی نے علی پور دوار میں ایک عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے الیکشن کمیشن اور بی جے پی پر زبردست حملہ کیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مغربی بنگال میں ووٹر لسٹ کی خصوصی نظرثانی (ایس آئی آر) کے نام پر اہل ووٹروں کے نام من مانی طور پر حذف کیے جا رہے ہیں اور اس معاملے پر انہوں نے خود چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار سے فون پر بات کی ہے۔ طنزیہ انداز میں انہوں نے کہا کہ گیانیش کمار ایک جادوگر کی طرح زندہ لوگوں کو ووٹر لسٹ سے غائب اور مردہ لوگوں کو ووٹر بنا سکتے ہیں، اسی لیے اب وہ ’ونیش کمار‘ بن گئے ہیں۔ یہ خطاب ان کی 19 روزہ ریاست گیر مہم ’ابار جیتبے بنگلہ‘ کے تحت منعقدہ ریلی میں ہوا جو طے شدہ 26 ریلیوں میں سے دوسری تھی اور جیسے جیسے 2026 کے اسمبلی انتخابات قریب آ رہے ہیں، ٹی ایم سی نے بی جے پی اور الیکشن کمیشن دونوں کے خلاف اپنے حملے تیز کر دیے ہیں۔ ابھیشیک بنرجی نے دعویٰ کیا کہ ٹی ایم سی لیڈران دہلی میں الیکشن کمیشن کے دفتر جا کر شفافیت کا مطالبہ کر چکے ہیں لیکن اس کے باوجود ووٹر لسٹ میں ’جادو‘ ہو رہا ہے اور زندہ شہری غائب کیے جا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ پہلے لوگ حکومت منتخب کرتے تھے مگر اب حکومت یہ طے کرنا چاہتی ہے کہ ووٹر کون ہوگا۔ انہوں نے اس پورے عمل کا موازنہ نوٹ بندی سے کرتے ہوئے مودی حکومت پر عوام کو گمراہ کرنے کا الزام لگایا اور کہا کہ دس سال پہلے جھوٹے خواب دکھا کر لوگوں کو قطاروں میں کھڑا کیا گیا تھا اور آج ایک بار پھر عوام کو لائنوں میں لگایا جا رہا ہے۔ بی جے پی پر سخت حملہ کرتے ہوئے انہوں نے ووٹروں کو خبردار کیا کہ بی جے پی پر بھروسہ نہ کریں اور بی جے پی کے ممبران اسمبلی کا موازنہ ’سانپ‘ سے کرتے ہوئے کہا کہ سانپ کو دودھ پلاؤ یا کیلا کھلاؤ وہ آخرکار ڈسے گا ہی۔ انہوں نے کہا کہ اس بار پرانی سوچ کو نہ دہرایا جائے اور ٹی ایم سی کو ایک موقع دیا جائے، اگر پارٹی عوام کے لیے کام نہ کر سکی تو اگلی بار اسے ہٹا دیا جائے۔ ووٹروں سے بڑی تعداد میں ووٹنگ کی اپیل کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ای وی ایم کے ذریعے ان لوگوں کو سبق سکھائیں جو جمہوری حقوق اور آئین کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں اور دعویٰ کیا کہ آئین بدلنے کی بات کرنے والوں کو اقتدار سے بے دخل کر دیا جائے گا۔ علی پور دوار ضلع کو شمالی بنگال میں ٹی ایم سی کی واپسی کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس بار علی پور دوار کو سب سے آگے رہنا ہوگا اور ٹی ایم سی کو ہر بوتھ جیتنا ہے، ایک بھی بوتھ نہیں چھوڑنا چاہیے۔ انہوں نے بی جے پی پر مغربی بنگال میں فلاحی اسکیموں خصوصاً خواتین کے لیے براہ راست بینیفٹ ٹرانسفر اسکیموں کو کمزور کرنے کی کوشش کا الزام لگایا اور 2026 کے انتخابات کو بنگال کے مستقبل کے لیے فیصلہ کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر عوام نے اب مزاحمت نہیں کی تو کل ان کے ووٹوں کا غلط استعمال کیا جائے گا۔

Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات