ائیر، پنت اور سراج کی ون ڈے ٹیم میں واپسی
ممبئی، 03 جنوری (یو این آئی) اسٹار بلے باز شبمن گل کو نیوزی لینڈ کے خلاف تین میچوں کی ایک روزہ سیریز کے لیے بطور کپتان برقرار رکھا گیا ہے جبکہ تیز گیند باز محمد سراج اور وکٹ کیپر رشبھ پنت کی ہفتہ کو اعلان کردہ ہندوستانی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔نیوزی لینڈ کے خلاف آئندہ ون ڈے سیریز کے لیے منتخب ہندوستانی اسکواڈ میں شریس ایر کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ تاہم بی سی سی آئی کی جانب سے جاری میڈیا ریلیز میں یہ بتایا گیا ہے کہ ایر کی دستیابی بی سی سی آئی کے سینٹر آف ایکسی لینس (سی او ای) کی جانب سے اجازت ملنے پر منحصر ہوگی۔ ایر آسٹریلیا کے دورے پر زخمی ہو گئے تھے جس کے بعد سے انہوں نے کرکٹ نہیں کھیلی ہے اور وہ جنوبی افریقہ کے خلاف گھریلو ون ڈے سیریز میں بھی ہندوستانی اسکواڈ کا حصہ نہیں تھے۔ ایر کو سی او ای سے مشروط طور پر وجے ہزارے ٹرافی کے اگلے راؤنڈ میں کھیلنے کی اجازت ملی ہے اور وہ 6 جنوری کو ممبئی کے لیے کھیلتے نظر بھی آ سکتے ہیں۔شبھمن گل خود گزشتہ ماہ کولکاتہ ٹیسٹ کے دوران گردن کی چوٹ کی وجہ سے جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز سے باہر رہنے کے بعد ٹیم کی کپتانی کے لیے واپسی کریں گے۔ دونوں سینئر بلے بازوں کی واپسی کا مطلب ہے کہ رتوراج گائیکواڑ اور تلک ورما کو جگہ چھوڑنی پڑی ہے، اس کے باوجود کہ دونوں نے وجے ہزارے ٹرافی میں ایک ایک سنچری بنائی تھی۔ رشبھ پنت نے کے ایل راہل کے بعد دوسرے وکٹ کیپر کے طور پر ٹیم میں اپنی جگہ برقرار رکھی ہے، جبکہ دھرو جریل کو اب باہر کر دیا گیا ہے۔وہیں ہاردک پانڈیا کو بھی آئندہ ٹی-20 ورلڈ کپ اور ان کے کام کے بوجھ (ورک لوڈ مینجمنٹ) کو دیکھتے ہوئے ون ڈے اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔ بی سی سی آئی کی میڈیا ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ چونکہ ہاردک کو سی او ای سے ایک میچ میں 10 اوور ڈالنے کی اجازت نہیں ملی ہے اس لیے آئندہ ٹی-20 ورلڈ کپ کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کے کام کے بوجھ کو متوازن کیا جا رہا ہے۔تیز گیند بازی کے شعبے میں محمد سراج کی واپسی ہوئی ہے، ان کے ساتھ ارشدیپ سنگھ، پرسدھ کرشنا اور ہرشت رانا شامل ہیں۔ اسپن کے شعبے کی قیادت کلدیپ یادو کریں گے، ان کے ساتھ آل راؤنڈر واشنگٹن سندر اور رویندر جڈیجہ ہوں گے، جڈیجہ نے آسٹریلیا میں اکشر پٹیل سے پیچھے رہنے کے بعد بھی اپنی جگہ برقرار رکھی ہے۔ روہت شرما اور وراٹ کوہلی، جنہوں نے حال ہی میں 50 اوور کی وجے ہزارے ٹرافی میں اپنی گھریلو ٹیموں کے لیے کھیلا تھا، وہ واحد انٹرنیشنل فارمیٹ میں کھیلنا جاری رکھیں گے جس میں وہ ابھی بھی سرگرم ہیں، اور یشسوی جیسوال ٹاپ آرڈر کے بیک اپ کے طور پر رہیں گے۔ نتیش کمار ریڈی کو بھی 15 رکنی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین میچوں کی ون ڈے سیریز کا پہلا میچ 11 جنوری کو وڈودرا میں کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد 14 جنوری کو راجکوٹ جبکہ 18 جنوری کو اندور میں مقابلہ کھیلا جائے گا۔ون ڈے سیریز کے بعد ہندوستان نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ میچوں کی ٹی-20 سیریز بھی کھیلے گا جس کا آغاز 21 جنوری کو ناگپور میں ہوگا۔ ٹی-20 سیریز کے لیے ہندوستانی ٹیم کا اعلان پہلے ہی ہو چکا ہے اور یہی ٹیم آئندہ ٹی-20 ورلڈ کپ میں بھی کھیلے گی۔نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے ہندوستانی ٹیم: شبھمن گل (کپتان)، روہت شرما، وراٹ کوہلی، کے ایل راہل (وکٹ کیپر)، شریس ایر (نائب کپتان)، واشنگٹن سندر، رویندر جڈیجہ، محمد سراج، ہرشت رانا، پرسدھ کرشنا، کلدیپ یادو، رشبھ پنت (وکٹ کیپر)، نتیش کمار ریڈی، ارشدیپ سنگھ اور یشسوی جیسوال۔ون ڈے سیریز کا شیڈول: پہلا ون ڈے: 11 جنوری، وڈودرا دوسرا ون ڈے: 14 جنوری، راجکوٹ تیسرا ون ڈے: 18 جنوری، اندور



