بنگلورو، 2 جنوری (یو این آئی ) ہندوستان کے ابھرتے ہوئے ٹینس اسٹار آرین شاہ نے 5 سے 6 جنوری تک ایس ایم کرشنا ٹینس اسٹیڈیم میں شیڈول 10ویں بنگلورو اوپن میں اپنی مہم کا آغاز کرنے کے لیے کمر کس لی ہے۔ 20 سالہ نوجوان کھلاڑی، جو حال ہی میں احمد آباد سے اپنی تربیت مکمل کر کے پہنچے ہیں، سیزن کے اس پہلے بڑے مقابلے میں اپنی بہترین کارکردگی دکھانے کے لیے پرجوش ہیں۔بنگلورو پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آرین شاہ نے کہا،”میں نے یہاں اپنا پہلا ٹریننگ سیشن مکمل کر لیا ہے اور بہت اچھا محسوس کر رہا ہوں۔ بنگلورو کے ساتھ میری بہت سی اچھی یادیں وابستہ ہیں، میں نے یہاں پہلے بھی کئی بار کھیلا ہے اور یہاں کی تماشائیوں کے سامنے دوبارہ کورٹ میں اترنے کے لیے بیتاب ہوں۔آرین شاہ نے سال 2025 کا اختتام سنگلز میں 402 اور ڈبلز میں 379 رینکنگ کے ساتھ کیا۔ وہ اس وقت ہندوستان کے دوسرے نمبر کے کھلاڑی ہیں۔ گزشتہ دو سالوں میں انہوں نے اپنی کارکردگی سے سب کو متاثر کیا ہے، 2024 میں ایم 15 کنگسٹن اور 2025 میں ایم 15 احمد آباد اوپن کے سنگلز خطابات اپنے نام کیے۔ 2024 میں سویڈن کے خلاف ڈیوس کپ ٹائی میں ہندوستانی ٹیم کی نمائندگی کا اعزاز حاصل کیا۔ٹورنامنٹ کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے آرین شاہ کا کہنا تھا کہ بنگلورو اوپن ہندوستان کا سب سے بڑا ٹینس ایونٹ ہے جس نے ہندوستانی کھلاڑیوں کو اے ٹی پی چیلنجر لیول پر عالمی کھلاڑیوں کے مدمقابل آنے اور قیمتی رینکنگ پوائنٹس حاصل کرنے کے مواقع فراہم کیے ہیں۔ انہوں نے کہا: “میری پہلی ترجیح پہلی جیت حاصل کر کے اپنے برے فارم کے تسلسل کو توڑنا ہے۔
میں شائقین کو دکھانا چاہتا ہوں کہ میں کیا کر سکتا ہوں۔ اس ٹورنامنٹ کے بعد میں ایک سمسٹر کے لیے امریکہ جا رہا ہوں، اس لیے میں یہاں ایک یادگار جیت کے ساتھ رخصت ہونا چاہتا ہوں۔



