International

پاکستان: خیبر پختونخواں میں پولیس گاڑی پر بہیمانہ حملہ، 5 پولیس اہلکار ہلاک، کئی زخمی

283views

پاکستان میں ایک بار پھر دہشت گردانہ حملہ ہوا ہے جس میں 5 پولیس اہلکاروں کی موت واقع ہو گئی ہے۔ حملہ پیر کے روز پاکستان کے خیبر پختونخواں میں ہوا جو کہ زوردار آئی ای ڈی دھماکہ تھا اور اس میں کم و بیش 20 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع موصول ہو رہی ہے۔ یہ حملہ پولیس پروٹیکشن ٹیم کو نشانہ بنا کر کیا گیا تھا، یہی وجہ ہے کہ پانچوں مہلوکین پولیس اہلکار ہیں اور زخمیوں میں بھی پولیس اہلکاروں کی تعداد زیادہ بتائی جا رہی ہے۔

Strongly condemn Blast in #Bajaur
May Allah raise the ranks of all the martyrs
And protect Pakistan from internal and external extremists pic.twitter.com/X1aQ9GhrEL

— Zeeshan Hoti (@zeeshanhoti) January 8, 2024

میڈیا رپورٹس کے مطابق حملہ اس وقت کیا گیا جب باجوڑ ضلع میں انسداد پولیو مہم میں تعینات کردہ پولیس ٹیم کو ٹرک میں لے جایا جا رہا تھا۔ اسی دوران زوردار آئی ای ڈی دھماکہ ہوا جس سے علاقے میں افرا تفری پھیل گئی۔ زخمیوں کو فوری طور پر باجوڑ ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ زخمیوں میں کئی کی حالت سنگین بتائی جا رہی ہے۔

جس مقام پر پولیس ٹیم کو نشانہ بنایا گیا، وہ باجوڑ کا ماموند علاقہ ہے اور یہ افغانستان کی سرحد سے ملحق ہے۔ 2021 میں جب سے افغانستان میں طالبان کی حکومت برسراقتدار ہوئی ہے، تب سے پاکستان میں افغانستان سے ملحق اس سرحد پر حملے بڑھ گئے ہیں۔ اس حملے کی ذمہ داری فی الحال کسی بھی دہشت گرد تنظیم نے نہیں لی ہے۔ لیکن اس سے قبل بھی پاکستان میں انسداد پولیو ٹیکہ کاری مہم چلانے والوں پر ’پاکستان طالبان‘ نے کئی حملے کیے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ تازہ معاملہ میں بھی پاکستان طالبان کے ملوث ہونے سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔

Follow us on Google News