Friday, January 2, 2026
ہومNationalشاعر اٹل بہاری واجپائی کے 101ویں یومِ پیدائش پر قومی یکجہتی مشاعرہ...

شاعر اٹل بہاری واجپائی کے 101ویں یومِ پیدائش پر قومی یکجہتی مشاعرہ کاانعقاد

حیدرآباد(راست)سابق وزیرِ اعظمِ ہند، بھارت رتن اور شاعر اٹل بہاری واجپائی کے 101ویں یومِ پیدائش کے موقع پر، ادارہ گیت چاندنی کے زیراہتمام مرحوم جی۔ راجندر کمار کی قائم کردہ روایت کے تحت 46واں قومی یکجہتی مشاعرہ ہزاری بھون میں منعقد ہوا۔ مشاعرے کی صدارت چمپالال بید نے کی، گولکنڈہ درپن کے مدیر اور شاعر گووند اکشے نے نظامت انجام دی۔ اس موقع پر اٹل بہاری واجپائی کی ہمہ جہت شخصیت اور ادبی و قومی خدمات پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی اور ان کی منتخب نظموں کو پیش کیاگیا۔ مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے امرت کمار جین ،کارپوریٹر ا لال سنگھ،ڈی۔ گوپال، انجنی کمار گوئل اور پراچی جین نے شرکت کی ۔ ڈاکٹر پریم لتا شریواستو، آشا ٹھاکر، ممتا مشرا اور پراچی جین نے اٹل بہاری واجپائی کی قومی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ محض ایک عظیم سیاست دان ہی نہیں بلکہ ایک حساس اور دل نواز شاعر بھی تھے۔ شاعری انہیں وراثت میں ملی تھی، وہ ایک نڈر شاعر تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی ہندو ستان کے نام کردی اور قومی شاعری کے ذریعے انمول خدمات انجام دیں۔سماجی خدمت گزار امِت کمار جین نے کہا کہ یہ نہایت مسرت کی بات ہے کہ گیت چاندنی کے سرگرم شعراء ہر سال اٹل جی کے یومِ پیدائش پر اس طرح کے پروگرام منعقد کر کے انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔ اٹل بہاری واجپائی نہایت سادہ مزاج شخصیت کے حامل تھے اور قوم کے لیے ان کی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں۔ ڈی۔ گوپال نے اٹل بہاری واجپائی کی متعدد اہم خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سڑکوں کے ذریعے دیہات کو شہروں سے جوڑنے کا تاریخی کام کیا۔ انہوں نے پوکھران جیسے تجربات کے ذریعے ملک کے وقار میں اضافہ کیا۔ ان کے مطابق شاعر اپنی تخلیق کے سبب دور رس سوچ رکھتا ہے۔ دنیا اسی کے سامنے جھکتی ہے جو طاقت ور ہو۔ اٹل جی کا پیغام تھا کہ رکاوٹیں آئیں گی اور جائیں گی، مگر ملک کو آگے بڑھتے رہنا چاہیے۔سینئر شاعر انجنی کمار گوئل نے کہا کہ گیت چاندنی کے مشاعرے مسلسل اور فعال انداز میں منعقد ہوتے آ رہے ہیں جس سے نئے شعراء کو پلیٹ فارم مل رہا ہے۔ اٹل بہاری واجپائی کی زندگی ہمارے لیے سراپا تحریک ہے۔ ان کی شاعری میں ظلم کے خلاف جدوجہد اور عالمی امن کا پیغام نمایاں ہے۔ کارپوریٹر لال سنگھ نے مرحوم جی۔ راجندر کمار کی حب الوطنی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی شروع کی ہوئی روایت آج بھی اٹل بہاری کی 101ویں یومِ پیدائش پر 46ویں قومی مشاعرے کی صورت میں زندہ ہے۔ صدر مشاعرہ چمپالال بید نے کہا کہ اٹل بہاری واجپائی ہندوستان کے سچے سپوت تھے۔ اٹل جی وہ شاعر تھے جنہوں نے پوری زندگی ہندی میں شاعری کی اور قومی ادب کو نئی جہت عطا کی۔قومی یکجہتی مشاعرے میں شعراء نے ملک کے موجودہ حالات اور مختلف سماجی مسائل پر نغمات، غزلیں، آزاد نظمیں اور رزمیہ و طنزیہ کلام پیش کیا۔مشاعرہ میں چمپالال بید، آرتی کماری، آشا ٹھاکر، سہیل عظیم، تشکیل انو ر رزاقی، انیل کمار گپتا، راجکمار یادو، انجنی کمار گوئل، انوج کمار تیواری، شو بھا دیش پانڈے، ڈاکٹر پریم لتا شریواستو، آر۔ درگارا ج پٹون، ستیہ نارائن کاکڑا، پونم جودھپوری، اشوک جوشی، ممتا مشرا، شیوا کمار تیواری کوہی ری اور للت اگروال نے کلام پیش کیا۔ جی۔ اشون کمار، میناکشی اور سورش نے تمام شعراء اور مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات