گل، راہل اور جڈیجہ وجے ہزارے ٹرافی کے میدان میں
نئی دہلی،31 دسمبر (یواین آئی ) نئے سال کا آغاز ہندوستانی کرکٹ کے مداحوں کے لیے ایک بڑے دھماکے سے ہونے جا رہا ہے۔ جہاں ایک طرف ہندوستانی ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کی تیاریوں میں مصروف ہے، وہیں بی سی سی آئی کی سخت پالیسی کے تحت شبھمن گل، رویندر جڈیجہ اور کے ایل راہل جیسے بڑے نام اپنی ریاستی ٹیموں کی نمائندگی کے لیے ‘وجے ہزارے ٹرافی کے میدان میں اتریں گے۔ہندوستانی ٹیم کے اسٹار کھلاڑیوں نے اپنی دستیابی کے بارے میں اپنی اپنی کرکٹ ایسوسی ایشنز کو مطلع کر دیا ہے۔ہندوستانی ون ڈے اور ٹیسٹ کپتان شبھمن گل 3 اور 6 جنوری کو جے پور میں بالترتیب سکم اور گوا کے خلاف ایکشن میں نظر آئیں گے۔ اس کے فوراً بعد وہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے لیے قومی ٹیم جوائن کر لیں گے۔ جڈیجہ 6 اور 8 جنوری کو سروسز اور گجرات کے خلاف میچز میں اپنی ٹیم کی طاقت بڑھائیں گے۔ ذرائع کے مطابق راہل احمد آباد میں تریپورہ اور راجستھان کے خلاف میچز میں اپنی فارم اور فٹنس کا مظاہرہ کریں گے۔ بیماری سے چھٹکارا پانے کے بعد بائیں ہاتھ کے جارح مزاج اوپنر یشسوی جیسوال ممبئی کی ٹیم میں شامل ہو چکے ہیں اور توقع ہے کہ وہ آج ہی گوا کے خلاف میدان میں اتریں گے۔ویراٹ کوہلی، جنہوں نے پہلے ہی دو میچز کھیلے ہیں، 6 جنوری کو دوبارہ دہلی کی ٹیم کا حصہ بنیں گے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ دہلی کی قیادت رشبھ پنت کر رہے ہیں، جنہوں نے ٹورنامنٹ کے تمام میچز کھیلنے کا عزم کر رکھا ہے۔



