کولکاتہ:ووٹر لسٹ کی خصوصی گہری نظرِ ثانی (ایس آئی آر) کے عمل میں ڈومیسائل یا رہائشی سرٹیفکیٹ کی اہمیت بڑھ جانے کے باعث کلکتہ میونسپل کارپوریشن میں درخواست گزاروں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ کارپوریشن کے صدر دفتر کے ساتھ ساتھ مختلف بورو دفاتر میں بھی اس سرٹیفکیٹ کے لیے شہریوں کا ہجوم دیکھا جا رہا ہے۔ اس صورتحال میں عام لوگوں کی صحیح رہنمائی کے لیے میئر فرہاد حکیم کے دفتر کی جانب سے کلکتہ کے تمام کونسلرز کو ایک تفصیلی ہدایت نامہ بھیجا گیا ہے۔اس پیغام میں کہا گیا ہے کہ اگر کسی وارڈ کا رہائشی، رہائشی سرٹیفکیٹ حاصل کرنا چاہتا ہے تو اسے کہاں درخواست دینی ہوگی اور کون کون سی دستاویزات دکھانی ہوں گی—اس بارے میں کونسلرز کو واضح معلومات ہونی چاہئیں۔ یہ ہدایت اس لیے دی گئی ہے تاکہ جب شہری کونسلرز کے پاس آئیں تو ان کے مسائل فوری حل کیے جا سکیں۔ کلکتہ میونسپل کارپوریشن کے ذرائع کے مطابق، رہائشی سرٹیفکیٹ کی درخواست کے لیے آدھار کارڈ کی جانچ پڑتال کرنی ہوگی۔ اس کے علاوہ اگر درخواست گزار کرائے کے مکان میں رہتا ہے، تو اسے کرائے کی رسید بھی دکھانی ہوگی۔ ہدایت نامے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ضرورت پڑنے پر دیگر معاون دستاویزات کی بھی تصدیق کی جا سکتی ہے۔
ایس آئی آر کے باعث کلکتہ میونسپل کارپوریشن میں رہائشی سرٹیفکیٹ کی مانگ عروج پر
مقالات ذات صلة



