Tuesday, December 30, 2025
ہومJharkhandاین آئی ٹی جمشیدپور کا 15واں کانووکیشن

این آئی ٹی جمشیدپور کا 15واں کانووکیشن

صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے طلبہ کو قومی خدمت کا پیغام دیا

تعلیم اور ٹیکنالوجی کو سماجی بھلائی سے جوڑنے پر زور، اختراع اور روزگار تخلیق کی اپیل

جدید بھارت نیوز سروس
جمشیدپور، 29 دسمبر:۔صدر جمہوریہ ہند دروپدی مرمو نے پیر کے روز این آئی ٹی جمشیدپور کے 15ویں کانووکیشن تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں فارغ التحصیل طلبہ، اساتذہ اور تعلیمی ماہرین کی بڑی تعداد موجود تھی۔ صدر جمہوریہ نے کامیاب طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ این آئی ٹی جیسے اداروں سے تعلیم حاصل کرنا بذاتِ خود ایک بڑی کامیابی ہے۔ صدر جمہوریہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ علم اور تکنیکی مہارت کا حقیقی مقصد صرف ذاتی ترقی نہیں بلکہ ملک اور سماج کی اجتماعی بھلائی ہے۔ انہوں نے طلبہ کو تلقین کی کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو قومی ترقی، سماجی بہتری اور عوامی فلاح کے کاموں میں بروئے کار لائیں۔صدر مرمو نے کہا کہ این آئی ٹی جمشیدپور نے ایسا تعلیمی اور اختراعی ماڈل تیار کیا ہے جو تعلیم، تحقیق اور اختراع کو عوامی ضروریات اور ملک کی امنگوں سے جوڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ این آئی ٹی کا سینٹر فار انوویشن اور اسٹارٹ اپس کے فروغ میں مؤثر کردار ادا کرے گا اور نوجوانوں کو خود انحصاری کی طرف لے جائے گا۔صدر جمہوریہ نے کہا کہ تکنیکی طور پر ماہر نوجوانوں سے توقع ہے کہ وہ صرف روزگار کے متلاشی نہ بنیں بلکہ دوسروں کے لیے بھی روزگار کے مواقع پیدا کریں۔ انہوں نے کہا کہ اسٹارٹ اپ کلچر کو فروغ دے کر نوجوان معیشت کو نئی سمت دے سکتے ہیں۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ موجودہ دور میں ٹیکنالوجی میں جو تیز رفتار تبدیلیاں آ رہی ہیں، ایسی تبدیلیاں ماضی میں کبھی دیکھنے کو نہیں ملیں۔ جہاں ان تبدیلیوں سے نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں، وہیں سائبر جرائم میں اضافہ اور ای ویسٹ سے ماحولیاتی نقصان جیسے مسائل بھی جنم لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ این آئی ٹی جیسے اعلیٰ تعلیمی اداروں پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ جدید ٹیکنالوجی کے منفی اثرات پر قابو پانے اور پائیدار حل تلاش کرنے میں فعال کردار ادا کریں۔ اس کے لیے کثیر فریقی حکمتِ عملی اپنانا ضروری ہے۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ ٹیکنالوجی کو معاشی اور سماجی طور پر قابلِ عمل بنانے کے لیے ماہرینِ معاشیات، سماجیات اور صنعتی شعبے کے درمیان مضبوط اشتراک ناگزیر ہے۔ اسی باہمی تعاون سے مستقبل کے چیلنجز کا مؤثر حل ممکن ہو سکے گا۔اس موقع پر صدر جمہوریہ نے گووند دیو گیری جی اور رویندر بہیرا کو اعزازی ڈگری سے نوازے جانے پر مبارکباد پیش کی اور ان کے تعلیمی و سماجی خدمات کو سراہا۔

Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات