Tuesday, December 30, 2025
ہومSportsہندوستانی مینس کرکٹ کیلئے2025 کامیابیوں اور آزمائشوں کا ملا جلا سال

ہندوستانی مینس کرکٹ کیلئے2025 کامیابیوں اور آزمائشوں کا ملا جلا سال

نئی دہلی، 29 دسمبر (یو این آئی )آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی تاریخی فتح، ایشیا کپ میں شاندار کامیابی اور انگلینڈ کی سرزمین پر یادگار ٹیسٹ معرکوں کے باوجود سال 2025 ہندوستانی مینز کرکٹ کے لیے فتوحات اور آزمائشوں کا ایک سنسنی خیز امتزاج ثابت ہوا۔ کہیں کامیابیوں کا شور تھا تو کہیں ناکامیوں کی بازگشت، کہیں نئے سورج طلوع ہوئے تو کہیں تجربے کی شام ڈھلتی نظر آئی۔ یہ سال ہندوستانی کرکٹ کے لیے صرف نتائج کا نہیں بلکہ تبدیلی، جدوجہد اور ازسرِ نو تعمیر کی داستان بن کر تاریخ کے اوراق میں رقم ہو گیا۔ہندوستانی ٹیم نے جنوری 2025 میں انگلینڈ کے خلاف گھریلو وائٹ بال سیریز سے سال کا دھماکہ خیز آغاز کیا۔ پانچ میچوں کی ٹی-20 سیریز ہندوستان نے 4-1 سے جیتی جبکہ یک روزہ سیریز میں انگلینڈ کو 3-0 سے کلین سویپ کر کے اپنی برتری ثابت کی۔ اس سیریز کا سب سے روشن لمحہ ابھیشیک شرما کی سنچری رہی، جنہوں نے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں 135 رنز کی اننگز کھیل کر بین الاقوامی ٹی-20 میں کسی ہندوستانی بلے باز کا سب سے بڑا انفرادی اسکور قائم کیا۔فروری میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کی میزبانی میں ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 میں بھی ہندوستان نے اپنی فاتحانہ رفتار برقرار رکھی۔ آٹھ برس بعد واپس آنے والے اس باوقار ٹورنامنٹ میں روہت شرما کی قیادت میں ہندوستان ناقابلِ شکست رہا اور ریکارڈ تیسری بار خطاب اپنے نام کیا۔ گروپ مرحلے میں پاکستان کے خلاف وراٹ کوہلی کی سنچری اور فائنل میں نیوزی لینڈ کے خلاف روہت شرما کی قائدانہ اننگز نمایاں رہیں۔اس کے بعد انگلینڈ کے خلاف پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز سے قبل ہندوستانی کرکٹ میں ایک نئے دور کا آغاز ہوا، جب روہت شرما اور وراٹ کوہلی نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔ شبھمن گل کو نیا ٹیسٹ کپتان مقرر کیا گیا۔ سنسنی خیز سیریز 2-2 سے برابر رہی، جس میں گل نے 75.40 کی اوسط سے 754 رنز بنا کر قیادت اور بیٹنگ دونوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ستمبر میں یو اے ای میں کھیلے گئے ایشیا کپ میں ہندوستان نے ایک بار پھر خود کو ایشیا کا بادشاہ ثابت کیا۔ سوریہ کمار یادو کی قیادت میں ہندوستان نے فائنل میں پاکستان کو شکست دے کر ریکارڈ نویں بار ایشیائی تاج حاصل کیا۔ تلک ورما کی ناقابلِ شکست 69 رنز کی اننگز فائنل کا فیصلہ کن لمحہ ثابت ہوئی۔اکتوبر میں ویسٹ انڈیز کے خلاف گھریلو ٹیسٹ سیریز میں 2-0 کی کلین سویپ جیت شبھمن گل کے لیے بطور ٹیسٹ کپتان پہلی سیریز فتح تھی۔ تاہم ایک روزہ کرکٹ میں بطور کپتان ان کی شروعات زیادہ کامیاب نہ رہیں اور آسٹریلیا کے دورے پر ہندوستان کو 2-1 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، اگرچہ روہت شرما کی سنچری نے کلین سویپ سے بچا لیا۔نومبر ہندوستانی کرکٹ کے لیے سب سے مایوس کن مہینہ ثابت ہوا۔ نیوزی لینڈ نے 12 سال بعد ہندوستان کو ہوم ٹیسٹ سیریز میں شکست دی، جبکہ جنوبی افریقہ نے 2-0 سے سیریز جیت کر پرانے زخم تازہ کر دیے۔ گوہاٹی میں 408 رنز کی شکست، ٹیسٹ تاریخ میں ہندوستان کی سب سے بڑی ہار بن گئی۔تاہم سال کے اختتام پر ہندوستان نے محدود اوورز کی کرکٹ میں شاندار واپسی کی۔ جنوبی افریقہ کو ایک روزہ سیریز میں 2-1 اور ٹی-20 سیریز میں 3-1 سے شکست دے کر ہندوستانی ٹیم نے 2025 کا اختتام مثبت نوٹ پر کیا،2025 ایسا سال جو کامیابی، تبدیلی اور چیلنجز کی کہانی بن کر یاد رکھا جائے گا۔

Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات