الجزائر ناک آؤٹ مرحلے میں داخل،سوڈان بھی جیتا
اگادیر، کاسابلانکا،29 دسمبر (یواین آئی )اگادیر اور کاسابلانکا کے میدانوں سے افریقی فٹ بال کے سنسنی خیز نتائج؛ موزمبیق نے 39 سالہ انتظار ختم کر دیا، جبکہ دفاعی چیمپئن آئیوری کوسٹ اور کیمرون کا ٹکراؤ برابر رہا۔افریقہ کپ آف نیشنز کی تاریخ میں بالاآخر وہ دن آ ہی گیا جب موزمبیق نے اپنی پہلی کامیابی کا جشن منایا۔ اگادیر کے گرینڈ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ایک سنسنی خیز مقابلے میں موزمبیق نے گبون کو 2-3 سے شکست دے کر نئی تاریخ رقم کر دی۔ 1986 سے جاری ناکامیوں کا سلسلہ فیصل بنگل، جینی کاٹامو اور ڈیوگو کالائلا کے گولز نے ختم کیا۔ گبون کی جانب سے اسٹار اسٹرائیکر پیئر ایمرک اوبامیانگ کی کوششیں بھی اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکیں۔سابق چیمپئن الجزائر نے برکینا فاسو کے خلاف 1-0 کی اعصاب شکن فتح کے ساتھ ٹورنامنٹ کے پری کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ کپتان ریاض محریز نے پہلے ہاف میں پنالٹی پر گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی جو آخر تک برقرار رہی۔ الجزائر اب تک ٹورنامنٹ میں ناقابلِ شکست ہے اور گروپ ای میں 6 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔مراکش کے میدان پر افریقی فٹ بال کے دو بڑے برج، دفاعی چیمپئن آئیوری کوسٹ اور کیمرون، آمنے سامنے آئے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ 1-1 سے برابر رہا۔ مانچسٹر یونائیٹڈ کے نوجوان اسٹار عماد ڈیالو نے دوسرے ہاف کے آغاز میں گول کر کے آئیوری کوسٹ کو برتری دلائی، لیکن محض پانچ منٹ بعد جونیئر چاماڈیو نے کیمرون کے لیے برابری کا گول داغ کر مقابلہ برابر کر دیا۔ گروپ ایف میں اب دونوں ٹیمیں چار چار پوائنٹس کے ساتھ برابری پر ہیں۔سوڈان نے ناک آؤٹ مرحلے کی امیدیں زندہ رکھتے ہوئے استوائی گنی کو 1-0 سے ہرا دیا۔ میچ کا فیصلہ کن لمحہ 74 ویں منٹ میں آیا جب استوائی گنی کے دفاعی کھلاڑی ساؤل کوکو سے اون گول (Own Goal) سرزد ہو گیا۔ سوڈان کی یہ جیت انہیں گروپ ای میں دوسری پوزیشن کے قریب لے آئی ہے۔



