Tuesday, December 30, 2025
ہومNationalکلدیپ سینگر کو سپریم کورٹ سے بڑا جھٹکا، ضمانت کے حکم پر...

کلدیپ سینگر کو سپریم کورٹ سے بڑا جھٹکا، ضمانت کے حکم پر روک

سپریم کورٹ کے فیصلے سے اناؤ ریپ متاثرہ مطمئن

نئی دہلی، 29 دسمبر (یو این آئی) سپریم کورٹ نے پیر کے روز دہلی ہائی کورٹ کے اس حکم پر روک لگا دی ہے جس میں اناؤ ریپ کیس میں اتر پردیش کے سابق ایم ایل اے کلدیپ سنگھ سینگر کی سزا معطل کرتے ہوئے انہیں ضمانت دی گئی تھی یہ حکم دہلی ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کی جانب سے دائر کی گئی خصوصی درخواست (ایس ایل پی) پر سماعت کرتے ہوئے جاری کیا گیا۔ کیس کی سماعت چیف جسٹس سوریہ کانت، جسٹس جے کے مہیشوری اور جسٹس آگسٹین جارج مسیح پر مشتمل تعطیلاتی بنچ نے کی۔چیف جسٹس سوریہ کانت نے حکم جاری کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے میں قانون کے کئی اہم سوالات جڑے ہوئے ہیں۔ عدالتِ عظمیٰ نے واضح کیا کہ عام طور پر ضمانت پر رہا ہونے والے شخص کی بات سنے بغیر اس کے حکم پر روک نہیں لگائی جاتی، لیکن اس کیس کے حقائق”غیر معمولی” ہیں۔ عدالت نے جواب داخل کرنے کے لیے چار ہفتے کا وقت دیا ہے۔سی بی آئی نے 26 دسمبر 2025 کو ایک خصوصی درخواست دائر کی تھی، جس میں دہلی ہائی کورٹ کے 23 دسمبر کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا تھا۔ ہائی کورٹ نے سینگر کی اپیل زیر التواء رہنے کے دوران ان کی عمر قید کی سزا معطل کر دی تھی۔ یاد رہے کہ دسمبر 2019 میں سی بی آئی کی خصوصی عدالت نے کلدیپ سینگر کو اناؤ ضلع میں ایک نابالغ لڑکی کے ساتھ زیادتی کا مجرم قرار دیتے ہوئے 25 لاکھ روپے جرمانے کے ساتھ عمر قید کی سزا سنائی تھی۔سینگر نے جنوری 2020 میں دہلی ہائی کورٹ میں اپنی سزا کے خلاف اپیل دائر کی تھی اور بعد ازاں مارچ 2022 میں سزا پر روک لگانے کی درخواست دی تھی۔ ہائی کورٹ نے 23 دسمبر کو اپنے حکم میں سزا معطل کرتے ہوئے کچھ شرائط کے ساتھ ضمانت دے دی تھی۔ تاہم، سینگر ابھی بھی جیل میں ہی رہیں گے کیونکہ وہ متاثرہ کے والد کے قتل (غیر ارادی قتل) سے متعلق ایک علیحدہ سی بی آئی کیس میں 10 سال کی سزا کاٹ رہے ہیں۔
اناؤ ریپ معاملے میں سابق ایم ایل اے کلدیپ سنگھ سینگر کی مشکلات میں ایک بار پھر اضافہ ہوتا نظر آ رہا ہے۔ سپریم کورٹ نے دہلی ہائی کورٹ کے اس حکم پر روک لگا دی ہے، جس میں سینگر کو ضمانت دیتے ہوئے ان کی عمر قید کی سزا کو معطل کر دیا گیا تھا۔اس فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے متاثرہ نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔ دہلی سے فون پر بات چیت کرتے ہوئے متاثرہ نے کہا کہ وہ سپریم کورٹ کے اس فیصلے سے پوری طرح مطمئن ہے اور اسے ملک کے نظام انصاف پر پورا بھروسہ ہے۔ اس نے کہا کہ وہ شروع سے ہی انصاف کے لیے آواز اٹھاتی رہی ہے اور سپریم کورٹ کے اس حکم نے اسے نئی امید دی ہے۔متاثرہ نے مزید کہا کہ اسے تمام عدالتوں پر بھروسہ ہے لیکن عدالت عظمی کے اس فیصلے سے اسے حقیقی معنوں میں انصاف ملا ہے۔ واضح رہے کہ یہ حکم سی بی آئی کی اس درخواست پر سماعت کے دوران آیا ہے جس میں دہلی ہائی کورٹ کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا تھا۔سپریم کورٹ نے اب کلدیپ سنگھ سینگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے اس معاملے پر جواب طلب کر لیا ہے۔ اس سے قبل دہلی ہائی کورٹ نے 2017 کے اس مشہور معاملے میں سینگر کی سزا کو اپیل زیر التوا رہنے تک معطل کر کے انہیں ضمانت دے دی تھی جسے اب اعلیٰ عدالت نے کالعدم قرار دے دیا ہے۔

Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات