نئی دہلی، 26 دسمبر (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے ماتا گجری، گرو گوبند سنگھ اور چاروں صاحبزادوں کی بہادری کو ملک کے لیے باعث فخر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے مثالی اصول آج بھی ہرہندوستانی کو طاقت اور ترغیب دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک کا مستقبل بچوں اور نوجوانوں سے وابستہ ہے، اس لیے وہ توقع کرتے ہیں کہ وہ بڑے خواب دیکھیں، سخت محنت کریں اور اپنے اعتماد کو کمزور نہ پڑنے دیں۔ مودی نے جمعہ کو یہاں ’ویر بال دیوس‘ کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بہادر صاحبزادے ظالم مغل حکمرانوں کے سامنے اس مضبوطی سے کھڑے ہوئے کہ مذہبی انتہا پسندی کا وجود ہل کر رہ گیا۔ اس تقریب میں ’پردھان منتری راشٹریہ بال پراسکار‘ سے نوازے گئے 20 بچے بھی موجود تھے۔
انہوں نے کہا، ’’بہادر صاحبزادے ہندوستان کا فخر اور ہندوستان کی ناقابل تسخیر ہمت و شجاعت کی انتہا ہیں۔ ماتا گجری، شری گرو گوبند سنگھ اور چاروں صاحبزادوں کی بہادری اور اصول آج بھی ہر ہندوستان کو طاقت دیتے ہیں اور ہمارے لیے مشعلِ راہ ہیں۔‘‘
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ جب بھی 26 دسمبر کا دن آتا ہے، انہیں اطمینان ہوتا ہے کہ ’ویر بال دیوس‘ منانے کی یہ روایت صاحبزادوں کی بہادری کو نئی نسل تک پہنچا رہی ہے اور اس کے لیے ایک مستقل پلیٹ فارم تیار ہو چکا ہے۔
لسانی تنوع کو ملک کی طاقت قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غلامانہ ذہنیت سے آزاد ہوتے ہوئے ہمارے ملک میں زبانوں کا تنوع ہماری طاقت بن رہا ہے۔ ملک کو ترقی یافتہ بنانے کے لیے اگلے 25 برسوں کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس میں نوجوان نسل کا کردار کلیدی ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ملک کا مستقبل نوجوانوں اور بچوں سے جڑا ہے، اس لیے ان کی خواہش ہے کہ وہ بڑے خواب دیکھیں، محنت کریں اور اپنی خود اعتمادی کو برقرار رکھیں۔اس سال بھی 18 ریاستوں کے 20 بچوں کو یہ اعزازات دیے گئے ہیں۔



