اغوا شدہ ’ایم وی لیلا نارفاک‘ میں سوار سبھی 15 ہندوستانیوں کا ریسکیو، بحریہ کمانڈو کی ویڈیوز آئی سامنے
صومالیہ ساحل کے پاس اغوا ہوئے ایم وی لیلا نارفاک جہاز میں سوار 15 ہندوستانیوں سمیت سبھی 21 کرو اراکین کو بحریہ نے بچا لیا ہے۔ اغو اکیے جانے کے بعد ہی ہندوستانی بحریہ نے صومالیہ ساحل کے پاس ریسکیو مہم شروع کر دی تھی اور سمندری لٹیروں کو تنبیہ دی۔ اس کے بعد جب کمانڈو نارفاک جہاز پر اترے تو لٹیرے چھوڑ کر فرار ہو گئے۔
اس درمیان ڈیفنس افسر کے حوالے سے نیوز ایجنسی اے این آئی نے بتایا کہ ہندوستانی بحریہ کے چیف ایڈمرل آر ہری کمار نے بحر عرب میں ہندوستانی جنگی آبدوزوں کو سمندری لٹیروں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کرنے کی ہدایت دی ہے۔ علاقہ میں کاروباری جہازوں پر حملوں کو روکنے کے لیے بحر عرب میں ہندوستانی بحریہ کے چار جنگی آبدوز تعینات کیے گئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ہندوستانی بحریہ کے مرین کمانڈو نے جمعہ کو لائبیریا کے پرچم والے کمرشیل جہاز ایم وی لیلا نارفاک پر اتر گئے تھے اور آپریشن چلایا تھا۔ کمانڈو نارفاک جہاز کے پاس بحریہ کا آئی این ایس چنئی سے پہنچے تھے۔ ساتھ ہی بحریہ نے ایم وی لیلا نارفاک کے اغوا کے بعد اس کا پتہ لگانے کے لیے سمندری گشتی فلائٹ پی-8 آئی اور طویل دوری کے ’پریڈیٹر ایم کیو 9 بی ڈرون‘ کو تعینات کیا تھا۔
واضح رہے کہ میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز (یو کے ایم ٹی او) نے جمعرات (4 جنوری) کو ایم وی لیلا نارفاک کے اغوا ہونے کی اطلاع دی تھی۔ یو کے ایم ٹی او اسٹریٹجک سمندری راستوں میں جہازوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھتا ہے۔