Sunday, December 21, 2025
ہومInternationalہم نے طاقت کےذریعے امن یقینی بنایا

ہم نے طاقت کےذریعے امن یقینی بنایا

داعش کے خلاف کارروائی: 70 ٹھکانوں کو نشا نہ بنا نے کے بعد ٹرمپ کا دعویٰ

ریا ض 20 دسمبر (ایجنسی) گذشتہ شب جمعہ کو شام میں داعش کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنانے والی وسیع پیمانے کی کارروائی کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تصدیق کی ہے کہ “Falcon Eye” کے نام سے کی جانے والی یہ کارروائی نہایت کامیاب رہی۔ہفتے کے روز ریاست نارتھ کیرولائنا میں اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ امریکی افواج نے تمام اہداف کو غیر معمولی درستگی کے ساتھ نشانہ بنایا۔ ان کے مطابق ہر ہدف کو مکمل درستگی کے ساتھ تباہ کیا گیا۔صدر ٹرمپ نے اس موقع پر زور دے کر کہا کہ انہوں نے مشرق وسطی میں امن قائم کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے میں گذشتہ تین ہزار سال میں پہلی مرتبہ امن قائم ہوا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ امریکہ طاقت کے ذریعے دنیا کے مختلف حصوں میں امن واپس لا رہا ہے۔اس سے قبل امریکی صدر یہ بھی واضح کر چکے تھے کہ داعش کے خلاف یہ کارروائی گذشتہ ہفتے تدمر میں امریکی افواج کو نشانہ بنائے جانے کے رد عمل میں کی گئی۔ادھر امریکی فوج نے اعلان کیا ہے کہ اس نے شام کے وسطی علاقوں میں پھیلے ہوئے مختلف مقامات پر داعش کے ستر سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا۔ فوج کے مطابق اس کارروائی میں جنگی طیاروں، حملہ آور ہیلی کاپٹروں اور توپ خانے کا استعمال کیا گیا، جبکہ داعش کے زیر کنٹرول ٹھکانوں کے خلاف سو سے زائد اقسام کے ہتھیاروں کی نہایت درست گولہ باری کی گئی۔دوسری جانب شامی وزارت خارجہ نے ہفتے کی صبح جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا کہ حکومت داعش کے خلاف جنگ کے لیے پُر عزم ہے اور شامی سرزمین پر تنظیم کے لیے کسی بھی قسم کی محفوظ پناہ گاہ کے وجود کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ حکام ان تمام علاقوں میں عسکری کارروائیاں مزید تیز کریں گے جہاں داعش خطرہ بنی ہوئی ہے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ گذشتہ ماہ شامی صدر احمد الشرع کے دورہ واشنگٹن کے دوران دمشق نے با ضابطہ طور پر داعش کے خلاف قائم بین الاقوامی اتحاد میں شمولیت اختیار کی تھی۔امریکی افواج اس وقت شام میں بنیادی طور پر شمال اور شمال مشرقی علاقوں میں تعینات ہیں، جہاں کرد جنگجوؤں کا کنٹرول ہے۔ اس کے علاوہ اردن کی سرحد کے قریب التنف فوجی اڈے میں بھی امریکی موجودگی قائم ہے۔ واشنگٹن کا کہنا ہے کہ اس عسکری موجودگی کا مقصد داعش کے خلاف کارروائیاں اور مقامی اتحادیوں کی حمایت ہے۔امریکی وزارت دفاع پینٹاگان نے گزشتہ اپریل میں اعلان کیا تھا کہ شام میں تعینات امریکی فوجیوں کی تعداد کو نصف تک کم کیا جائے گا، تاہم اس وقت شام میں موجود امریکی افواج کی مجموعی تعداد سرکاری طور پر ظاہر نہیں کی گئی۔

Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات