Saturday, December 20, 2025
ہومWest Bengalچنگری گھاٹہ میٹرو جام پر ہائی کورٹ کی سخت ناراضگی

چنگری گھاٹہ میٹرو جام پر ہائی کورٹ کی سخت ناراضگی

ریاست سے دو ٹوک سوال: فروری کیوں؟ جنوری میں ٹریفک کنٹرول ناممکن کیوں؟

کولکاتہ: چنگڑی گھاٹہ میٹرو کے طویل عرصے سے جاری ٹریفک جام پر کلکتہ ہائی کورٹ نے سخت ناراضگی ظاہر کی ہے۔ دوسری اعلیٰ سطحی میٹنگ کے باوجود مسئلہ حل نہ ہونے پر قائم مقام چیف جسٹس کی قیادت والی ڈویژن بنچ نے ریاستی حکومت سے صاف لفظوں میں سوال کیا ہے کہ اگر فروری میں ٹریفک کنٹرول ممکن ہے تو جنوری میں کیوں نہیں؟ عدالت نے ہدایت دی ہے کہ ریاست اس بارے میں پیر کو واضح جواب دے۔عدالت کے مطابق نیو گڑیا سے کولکاتہ ہوائی اڈے تک میٹرو لائن کی توسیع کا کام چنگڑی گھاٹہ میں آکر اٹک گیا ہے۔ حیران کن بات یہ ہے کہ صرف 366 میٹر کا کام باقی ہے، جس کے لیے چند دنوں کا محدود ٹریفک کنٹرول درکار ہے۔ میٹرو حکام کا دعویٰ ہے کہ اگر رات 10 بجے سے صبح 6 بجے تک صرف تین دن ٹریفک کو کنٹرول کیا جائے تو پورا کام مکمل ہو سکتا ہے، لیکن اجازت نہ ملنے کے سبب مسئلہ لٹکا ہوا ہے۔اس معاملے پر ریاست، مرکز، پولیس اور تعمیراتی کمپنی آر وی این ایل کے درمیان کئی میٹنگیں ہو چکی ہیں۔ ہائی کورٹ کے حکم پر 17 دسمبر کو دوسری بار بھی میٹنگ ہوئی، مگر اس کے بعد بھی تعطل برقرار ہے۔ نتیجتاً جمعہ کے روز یہ معاملہ دوبارہ قائم مقام چیف جسٹس کی بنچ کے سامنے پیش ہوا۔سماعت کے دوران آر وی این ایل نے عدالت کو بتایا کہ پولیس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ٹریفک کنٹرول فروری 2026 میں کسی وقت ممکن ہو سکے گا۔ اس پر عدالت نے سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ جب چند راتوں کے محدود کنٹرول سے مسئلہ حل ہو سکتا ہے تو اتنی تاخیر کی کیا منطق ہے؟ بنچ نے واضح طور پر کہا کہ عوام کو برسوں سے اس جام کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور انتظامیہ کی سستی ناقابلِ قبول ہے۔ریاست کی جانب سے یہ دلیل دی گئی کہ یہ مسئلہ کئی دہائیوں سے چلا آ رہا ہے، اس لیے فروری تک انتظار میں کوئی خاص حرج نہیں۔ تاہم عدالت نے اس دلیل کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا اور حکم دیا کہ پیر کو صاف طور پر بتایا جائے کہ کیا جنوری میں ٹریفک کنٹرول ممکن ہے یا نہیں۔اب سب کی نظریں پیر کی سماعت پر ہیں، جہاں یہ طے ہوگا کہ چنگڑی گھاٹہ میٹرو جام سے نجات کب ملے گی یا یہ مسئلہ مزید طول پکڑے گا۔

Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات