تمام منظور شدہ اسکیمیں وقت پر مکمل کرنے کی ہدایت
جدید بھارت نیوز سروس
رام گڑھ،15؍دسمبر: ضلع مجسٹریٹ فیض اک احمد ممتاز کی صدارت میں پیر کے روز کلکٹریٹ کے کانفرنس ہال میں ضلع معدنی فاؤنڈیشن ٹرسٹ (ڈی ایم ایف ٹی) کے ذریعے چلائے جا رہے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے کے لیے ایک میٹنگ منعقد ہوئی۔میٹنگ کے دوران ضلع مجسٹریٹ نے ڈی ایم ایف ٹی کے تحت مختلف عملدرآمدی ایجنسیوں کی جانب سے کیے جا رہے ترقیاتی کاموں کی تفصیلی جانکاری حاصل کی۔ انہوں نے تمام عملدرآمدی ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ منظور شدہ منصوبوں کو مقررہ وقت پر مکمل کریں۔ڈی ایم ایف ٹی کے ذریعے چلنے والی اسکیموں کا جائزہ لیتے ہوئے ضلع مجسٹریٹ نے اب تک ہونے والے کاموں کی پیش رفت کا تفصیل سے معائنہ کیا۔ ساتھ ہی مالی سال 25-2024 اور 26-2025 میں منظور شدہ تمام اسکیموں کو جلد مکمل کرانے کی ہدایت دی۔اس کے علاوہ، انہوں نے میٹنگ میں موجود تمام اسسٹنٹ انجینئروں کو منصوبوں کا باقاعدہ موقع پر معائنہ کرنے اور کاموں کے معیار و پیش رفت کی نگرانی کرنے کی ہدایت دی۔ ڈی سی نے کہا کہ ڈی ایم ایف ٹی کے تحت چلنے والی اسکیموں کا مقصد کان کنی سے متاثرہ علاقوں میں بنیادی ڈھانچے کو مضبوط کرنا اور عام لوگوں کے معیارِ زندگی میں بہتری لانا ہے۔لہٰذا تمام متعلقہ افسران باہمی تال میل کے ساتھ کام کرتے ہوئے منصوبوں کو وقت پر مکمل کرائیں۔ میٹنگ میں فارسٹ ڈویژنل آفیسر، ڈپٹی ڈیولپمنٹ کمشنر، انچارج افسر ترقیاتی شاخ، ضلعی سطح کے افسران، بلاک ڈیولپمنٹ آفیسرز سمیت دیگر افراد موجود تھے۔



