آسام میں رہنے والے آدیواسیوں کے حقوق اور ثقافت کے تحفظ کیلئے حکومت پرعزم:وزیر اعلیٰ
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی ،11؍دسمبر: وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین سے آج جھارکھنڈ اسمبلی میں آدیواسی ہم آہنگی کمیٹی بھارت (آسام) کی ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر نمائندہ وفد کے ارکان نے وزیر اعلیٰ کو آسام میں رہنے والے آدیواسی کمیونٹی کے مختلف مسائل اور ان کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا۔ نمائندہ وفد کے ارکان نے وزیر اعلیٰ کے سامنے کہا کہ آسام حکومت کی آدیواسی کمیونٹی کے تئیں لاپرواہی کی وجہ سے معاشرے کی حالت خراب ہو گئی ہے۔ آسام میں رہنے والاآدیواسی سماج ہر شعبے میں مسلسل پیچھے رہ رہا ہے۔وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے نمائندہ وفد کی شکایات کو سنجیدگی سے سنا اور انہیں یقین دلایا کہ جھارکھنڈ حکومت آسام میں رہنے والے آدیواسی کمیونٹی کو ان کے حقوق اور شناخت کے تحفظ کے لیے مثبت اقدامات کرے گی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آدیواسی سماج کی ثقافت، روایت اور حقوق کی حفاظت کے لیے ہماری حکومت مکمل طور پر پرعزم ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آسام میں رہنے والے آدیواسی کمیونٹی کی سماجی، اقتصادی اور تعلیمی ترقی کے لیے ہم پوری لگن اور عزم کے ساتھ ان کے ساتھ ہر قدم پر کھڑے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے نمائندہ وفد کے ارکان سے کہا کہ جلد ہی جھارکھنڈ حکومت کا ایک وفد آسام میں جائے گا تاکہ وہاں رہنے والے آدیواسیوں کی موجودہ صورتحال سے آگاہ ہو سکے۔ وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے آسام کے چائے باغان میں کام کرنے والے آدیواسیوں کو ایس ٹی (شیڈیولڈ ٹرائب) کا درجہ دلانے کی بات دہرائی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ چائے باغان میں کام کرنے والے آدیواسی کمیونٹی کے لوگوں کی یومیہ اجرت بڑھانے کے لیے ہماری حکومت مثبت اقدامات کرے گی اور وہاں رہنے والے آدیواسیوں کے زمین سے متعلق مسائل کے حل کے لیے بھی اقدامات کرے گی۔یہ بات یاد رہے کہ انگریز دور میں جھارکھنڈ سے آدیواسی خاندانوں کو لے جا کر آسام میں آباد کیا گیا تھا اور موجودہ دور میں ان کے ساتھ دوسرا درجے کا سلوک کیا جا رہا ہے۔ نمائندہ وفد کے ارکان نے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین سے درخواست کی کہ وہ قیادت کریں تاکہ ان کی آواز مرکز اور ریاستی حکومت تک پہنچائی جا سکے۔اس موقع پر شیڈیولڈ ٹرائب، شیڈیولڈ کاسٹ اور پسماندہ طبقہ بہبود محکمہ کے وزیر چمرا لنڈا، آدیواسی ہم آہنگی کمیٹی بھارت (آسام) کے جیتن کرکٹا، برسا منڈا، ترون منڈا، گنیش، اجیت پورتی، راجیش بھوری، بابولال منڈا، منگل ہیمبرم سمیت دیگر موجود تھے۔



