روہت فرسٹ پوزیشن اور کوہلی کوہلی سکنڈ پوزیزن پر
دبئی، 10 دسمبر (یو این آئی ) جنوبی افریقہ کے خلاف تین ون ڈے میچوں کی سیریز میں شاندار کارکردگی کے بعد ہندوستانی اسٹار بلے باز ویراٹ کوہلی آئی سی سی کی تازہ ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں دو درجے ترقی پا کر دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔تازہ جاری کردہ رینکنگ کے مطابق، کوہلی اب صرف روہت شرما سے پیچھے ہیں، جو آسٹریلیا کے خلاف ایک سنچری اور ایک نصف سنچری کی بدولت پہلی مرتبہ ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں سرفہرست پہنچے تھے اور اب بھی نمبر ون کی پوزیشن پر برقرار ہیں۔ روہت نے جنوبی افریقہ سیریز میں مجموعی طور پر 146 رنز اسکور کیے، جبکہ کوہلی نے دو سنچریوں اور ایک نصف سنچری کی مدد سے 302 رنز بنائے اور پلیئر آف دی سیریز قرار پائے۔ہندوستان کے شبھمن گل اور شریاس ایّر بھی ٹاپ 10 میں شامل ہیں۔ گل پانچویں اور ایّر دسویں نمبر پر موجود ہیں۔ وکٹ کیپر بلے باز کے ایل راہل دو درجے بہتری کے ساتھ 12ویں مقام تک آگئے ہیں۔بولنگ رینکنگ میں بھی ہندوستان کے کلدیپ یادو تین درجے ترقی کے ساتھ تیسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔پہلے ٹی 20 کے بعد اکشر پٹیل دو درجے بہتری سے 13ویں، ارشدِیپ سنگھ تین درجے بڑھ کر 20ویں اور جسپریت بمراہ چھ درجے ترقی کے ساتھ 25ویں مقام پر پہنچ گئے ہیں۔اس کے علاوہ پاکستان کے بابر اعظم کی چھٹی پوزیشن برقرار ہے۔ون ڈے بولرز میں افغانستان کے راشد خان کا پہلا نمبر ہے جب کہ پاکستان کے ابرار احمد کی 9ویں پوزیشن برقرار ہے، شاہین شاہ آفریدی 2 درجے ترقی کے بعد 19ویں نمبر پر آگئے، حارث رؤف کو بھی ایک درجہ ترقی کے بعد 22واں نمبر مل گیا۔دوسری جانب، جنوبی افریقی بیٹر ڈیوالڈ بریوس تین درجے بہتری سے ٹی 20 بیٹنگ رینکنگ میں آٹھویں نمبر تک پہنچ گئے۔ایشیز میں لگاتار دو ٹیسٹ میں پلیئر آف دی میچ رہنے والے آسٹریلیائی فاسٹ بولر مچل اسٹارک بھی شاندار چھلانگ لگاتے ہوئے ٹیسٹ بولنگ رینکنگ میں تین درجے ترقی کے ساتھ تیسرے مقام پر پہنچ گئے جو ان کے کیریئر کی بہترین رینکنگ ہے۔ اسٹارک نے پہلے دو ٹیسٹ میچوں میں مجموعی طور پر 18 وکٹیں حاصل کیں۔



