ڈی آئی جی ، ایس پی سمیت کئی افسران رہے موجود
جدید بھارت نیوز سروس
رانچی،7؍دسمبر: آمدنی سے زیادہ جائیداد کے کیس میں معطل آئی اے ایس ونئے کمار چوبے کی اہلیہ سپنا سنچیتا سے اے سی بی پوچھ گچھ کر رہی ہے۔ اے سی بی کے ڈی آئی جی، ایس پی سمیت دیگر افسران بھی پوچھ گچھ میں شامل ہیں۔ پوچھ گچھ ونئے کمار چوبے کے گھر پر ہو رہی ہے۔معلومات کے مطابق، اتوار کی صبح اے سی بی کے ڈی آئی جی، ایس پی سمیت کئی افسران ونئے چوبے کے کانکے روڈ واقع رہائش گاہ پہنچے اور ان کی اہلیہ سے پوچھ گچھ کی۔ قابل ذکر ہے کہ اس سے پہلے تین دسمبر کو بھی سپنا سنچیتا سے اے سی بی کی ٹیم نے ان کے گھر جا کر پوچھ گچھ کی تھی۔قابل ذکر ہے کہ اے سی بی نے آئی اے ایس افسر ونئے چوبے کے خلاف 24 نومبر کو چوتھی ایف آئی آر درج کی تھی۔ اس ایف آئی آر میں ان کے رشتہ داروں اور دوست ونئے سنگھ سمیت سات افراد کو نامزد ملزم بنایا گیا ہے۔ سب پر بدعنوانی کرنے اور اس کے ذریعے بے پناہ جائیداد حاصل کرنے کے الزامات ہیں۔ایف آئی آر میں ونئے چوبے کے علاوہ ان کی اہلیہ سپنا سنچیتا، قابل اعتماد دوست اور غیر قانونی جائیداد میں سرمایہ کاری کرنے والے ونئے سنگھ اور ونئے سنگھ کی اہلیہ سنچیتا سنگھ کو نامزد ملزم بنایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ونئے چوبے کے سالے شپِج تریویدی، شپِج تریویدی کی اہلیہ پرینکا تریویدی اور ونئے چوبے کے سُسر ایس این تریویدی بھی نامزد ملزم ہیں۔ایف آئی آر میں کروڑوں روپے کی بے ضابطگی، جعلی لین دین اور خاندان و ملازمین کے ذریعے غیر قانونی جائیداد کی ہیر پھیر کرنے کا الزام لگایا گیا ہے۔ ونئے چوبے اور ونئے سنگھ شراب گھوٹالہ اور زمین گھوٹالہ کے سلسلے میں درج مقدمات میں اس وقت جیل میں قید ہیں۔



