حکومت سے مطالبات پورے کرنے کی اپیل
جدید بھارت نیوز سروس
گملا،5؍دسمبر: گملا کے چین پور بلاک میں رسوئیا سنگھ کے کارکنوں کا غیر معیّنہ مدت تک جاری رہنے والااحتجاتی مظاہرہ آج نویں دن بھی پوری شدت کے ساتھ جاری رہا۔ سنگھ کے رہنماؤں اور ارکان نے واضح کیا کہ یہ احتجاج اُس وقت تک نہیں رُکے گا جب تک حکومت اور متعلقہ محکمہ اُن کی تمام جائز مانگوں کو تسلیم نہیں کر لیتے۔ ان کا کہنا تھا کہ برسوں سے خدمات انجام دینے کے باوجود انہیں وہ حقوق اور سہولیات فراہم نہیں کی گئیں جن کے وہ مستحق ہیں، اسی وجہ سے وہ سڑک پر آنے پر مجبور ہوئے ہیں۔آج کے دھرنے میں بلاک کی تمام رسوئیا رنیوجکائیںاور صدر بڑی تعداد میں شریک ہوئیں۔ انہوں نے تھالی بجا کر اپنی آواز حکومت تک پہنچانے کی کوشش کی اور کہا کہ یہ علامتی احتجاج اُن کے صبر کے ٹوٹ جانے کی علامت ہے۔ ان کے مطابق حکومت کی بے توجہی اور مسئلوں کے حل میں تاخیر نے اُن کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔احتجاتی -مظاہرہ کی قیادت بلاک کی صدر باسمتی دیوی کر رہی تھیں۔ اس موقع پر بلاک سکریٹری کملیشوری دیوی ، خزانچی نیلیما کُجور ، سریتا دیوی ، شانتی ٹوپّو سمیت سینکڑوں رسوئیا سنیوجیکا اور نمائندے موجود تھے۔ سبھی نے ایک آواز ہو کر اپنے مطالبات کے حق میں نعرے لگائے اور انتظامیہ سے انصاف کا مطالبہ کیا۔سنگھ کے رہنماؤں نے کہا کہ وہ حکومت اور محکمۂ تعلیم سے جلد از جلد مثبت اقدام کی امید رکھتے ہیں۔ انہوں نے اپیل کی کہ حکومت اُن کے مطالبات پر حساسیت کے ساتھ غور کرے، تاکہ انہیں معاشی اور سماجی تحفظ مل سکے اور وہ عزت و وقار کے ساتھ اپنی ڈیوٹی نبھا سکیں۔



