جدید بھارت نیوز سروس
پلاموں،2؍دسمبر: پلاموں ضلع پولیس نے افیون کے اسمگلروں کے خلاف ایک بڑی کارروائی کی ہے۔ اتر پردیش کے بریلی سے تعلق رکھنے والے دو اسمگلروں کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے، جبکہ ان کے قبضے سے ایک کوئنٹل ایک کلو 870 گرام ڈودہ برآمد کیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ضبط شدہ ڈودہ رانچی کے بُنڈو کے چک علاقے سے خریدا گیا تھا، جسے بریلی ، اتر پردیش لے جایا جانا تھا۔در اصل پلاموں پولیس کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ علاقے میں غیر قانونی ڈودہ کی بڑی مقدار میں اسمگلنگ ہونے والی ہے۔ اسی اطلاع کی بنیاد پر سدر تھانہ کے تحت سنگرا علاقے میں پولیس نے سرچ آپریشن شروع کیا۔ سرچ آپریشن کے دوران ایک مشکوک کار کو روکا گیا۔ ابتدا میں کار کے سوار فرار ہونے کی کوشش کرنے لگے، لیکن پولیس کی سختی کے بعد گاڑی رک گئی۔ گاڑی سے اتر کر دونوں اسمگلر بھاگنے لگے، مگر موقع پر موجود اے ایس آئی سُجیت کمار پانڈے اور پنکج کمار تیواری کی قیادت میں تعینات پولیس جوانوں نے دونوں کو پکڑ لیا۔گرفتار کیے گئے اسمگلروں کے نام محمد چاند اور ذیشان ہیں، جو بریلی کے پرانا شہر کے رہنے والے بتائے جاتے ہیں۔ پلاموں کی ایس پی ریشما رمیشن نے بتایا کہ گرفتار محمد چاند کا قریبی رشتہ دار اس پورے نیٹ ورک کا ماسٹر مائنڈ ہے۔ پولیس نے دونوں کے قبضے سے ڈودہ برآمد کر لیا ہے اور ان سے نیٹ ورک کے حوالے سے اہم معلومات بھی حاصل ہوئی ہیں۔تحقیقات کے مطابق، دونوں نے یہ ڈودہ 1400 سے 1500 روپے فی کلو کی قیمت پر خریدا تھا، جبکہ اسے اتر پردیش پہنچ کر 7000 سے 8000 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت کیا جانا تھا۔ اس طرح یہ ایک منافع بخش غیر قانونی کاروبار کا حصہ تھے۔پولیس کی اس کارروائی میں ڈی ایس پی راجیو رنجن، تھانہ انچارج لال جی، سب انسپکٹر رنجیت کمار اور دیگر کئی پولیس افسران شامل تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس گرفتار ی سے ضلع میں منشیات کے بڑے نیٹ ورک کو توڑنے میں مدد ملے گی، اور آئندہ بھی اس طرح کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔



