جدید بھارت نیوز سروس
لاتیہار،28؍نومبر: جمعہ کے روز لاتیہار ضلع کے ڈپٹی کمشنر کے دفتر میں ہفتہ وار عوامی شکایت کے ازالے کیلئے میٹنگ کا انعقاد کیا گیا، جہاں شہری اور دیہی علاقوں سے آئے متعدد افراد نے اپنی اپنی پریشانیاں پیش کیں۔ ڈپٹی کمشنر اُتکرش گپتا نے سبھی شکایت گزاروں کی باتوں کو بغور سنا اور جلد از جلد مناسب کارروائی کرتے ہوئے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔برواڈیہہ بلاک کے کیچکی گاؤں کے رہنے والے جینت کمار سنگھ نے ڈی سی کے سامنے روزگار فراہم کرنے کے لیے درخواست دی۔ انہوں نے بتایا کہ وہ جسمانی طور پر معذور ہیں اور گزر بسر کے لیے اُن کے پاس کوئی مستقل ذریعہ نہیں ہے، حالانکہ وہ گریجویشن تک تعلیم یافتہ ہیں۔ ان کی درخواست پر فوری توجہ دیتے ہوئے ڈی سی نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ ریاستی حکومت کی معذورین سے متعلق فلاحی اسکیموں، خود روزگاری پروگراموں یا روزگار پیدا کرنے والی دیگر سرکاری اسکیموں کے تحت انہیں فائدہ پہنچایا جائے تاکہ وہ خود کفیل بن سکیں۔ڈی سی نے کہا کہ انتظامیہ کا مقصد یہ ہے کہ ضلع کے ہر اہل مستفید کو حکومت کی تمام ممکنہ اسکیموں کا فائدہ بغیر کسی رکاوٹ کے پہنچے۔ خاص طور پر ایسے افراد جو معذور، غریب یا ضرورت مند ہیں، انہیں سماجی اور معاشی طور پر مضبوط بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔اس ہفتہ وار عوامی سماعت میں زیادہ تر درخواستیں تجاوزات، زمین کے حصول، روزگار اور دیگر سرکاری سہولتوں سے متعلق موصول ہوئیں۔ ڈی سی نے تمام شکایات کی باتیں سننے کے بعد متعلقہ محکموں کو فوری جانچ کرانے اور وقت پر حل فراہم کرنے کی ہدایات دیں تاکہ لوگوں کو بروقت انصاف مل سکے۔



