گریٹر نوئیڈا، 20 نومبر (یواین آئی) ہندوستان نے گریٹر نوئیڈا میں منعقدہ ورلڈ باکسنگ کپ فائنلز 2025 کے آخری دن شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے نو طلائی تمغے جیت کر تاریخ رقم کر دی۔ شہید وجے سنگھ پتھیک اسپورٹس کمپلیکس میں ہندوستانی باکسرز نے گھریلو شائقین کی موجودگی میں زبردست برتری ثابت کی اور مجموعی طور پر 9 طلائی، چھ چاندی اور پانچ کانسے کے تمغوں کے ساتھ مہم مکمل کی۔ خاص بات یہ رہی کہ 20 میں سے ہر ہندوستانی باکسر پوڈیم تک پہنچا۔خواتین باکسرز نے اس بار بھی ہندوستان کو سب سے زیادہ کامیابیاں دلائیں۔ دوپہر کے سیشن میں میناکشی (48 کلوگرام)، پریتی (54 کلوگرام)، اروندھتی چودھری (70 کلوگرام) اور نوپور (80 کلوگرام) نے طلائی تمغے جیتے۔ شام کے سیشن میں نکھت زرین (51 کلوگرام)، جیسمن لیمبوریا (57 کلوگرام) اور پروین (60 کلوگرام) نے بھی فائنل جیت کر ملک کا سر فخر سے بلند کیا۔جیسمن نے پیرس اولمپک تمغہ یافتہ وو شِہ یی کو 4-1 سے ہرا کر دن کا سب سے بڑا اپ سیٹ کیا، جب کہ نکھت زرین نے چینی تائپے کی باکسر کو 5-0 سے شکست دی۔مرد باکسرز میں سچن (60 کلوگرام) اور ہیتیش (70 کلوگرام) نے شاندار مقابلوں میں طلائی تمغے اپنے نام کیے۔ سچن نے کرغزستان کے حریف کو 5-0 سے ہرایا، جبکہ ہیتیش نے سخت مقابلے میں 3-2 سے جیت حاصل کی۔ہندوستان نے چار مرد باکسرز — جدومنی سنگھ، پون برتوال، ابھیناش جموال اور انکوش فنگال کی شاندار کارکردگی سے چھ چاندی کے تمغے بھی جیتے۔ خواتین میں پوجا رانی کو فائنل میں سخت مقابلے کے بعد چاندی کے تمغے سے اکتفا کرنا پڑا۔یہ کارکردگی ہندوستان کے عالمی باکسنگ میں بڑھتے قد اور مضبوط تیاریوں کی بڑی مثال مانی جا رہی ہے۔



