Friday, December 5, 2025
ہومWest Bengalممتا اور ابھیشیک 6 دسمبر کی ’یکجہتی ریلی‘ میں ہوں گے شامل

ممتا اور ابھیشیک 6 دسمبر کی ’یکجہتی ریلی‘ میں ہوں گے شامل

ترنمول نے انتخابات سے قبل ریاست میں ہم آہنگی پر زور بڑھا دیا

کولکاتہ:مغربی بنگال میں 26 ویں اسمبلی انتخابات سے پہلے ووٹر لسٹ کی خصوصی نظرِ ثانی (SIR) کا عمل زور و شور سے جاری ہے۔ اسی سیاسی پس منظر میں حکمراں ترنمول کانگریس ریاست میں امن، بھائی چارہ اور ہم آہنگی کو مضبوط کرنے پر خاص توجہ دے رہی ہے۔ اسی مقصد کے تحت 6 دسمبر کو دھرمتلا کے میو روڈ پر ایک بڑا یومِ یکجہتی پروگرام منعقد کیا جا رہا ہے، جسے ترنمول قیادت نے اس سال غیر معمولی اہمیت دی ہے۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ترنمول سپریمو ممتا بنرجی اور آل انڈیا جنرل سکریٹری ابھیشیک بنرجی اس اہم یکجہتی ریلی میں شرکت کر سکتے ہیں۔ دونوں لیڈروں کی موجودگی کو سیاسی حلقوں میں حساسیت اور دلچسپی سے دیکھا جا رہا ہے، کیونکہ موجودہ ماحول میں ان کا پیغام ریاستی سیاست کی فضا پر براہِ راست اثر ڈال سکتا ہے۔
ریلی کی ذمہ داری ترنمول کی نوجوان، طلبہ اور اقلیتی تنظیموں کو دی گئی ہے۔ پارٹی اندرونی طور پر اس پروگرام کو ایک بڑے سیاسی اور سماجی پیغام کے طور پر پیش کرنے کی حکمتِ عملی بنا رہی ہے۔
پارٹی کے ترجمان اور ریاستی جنرل سکریٹری جے پرکاش مجمدار نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا ’’ہر سال 6 دسمبر کو یومِ یکجہتی منایا جاتا ہے۔ بابری مسجد انہدام کے دن کو ہم آئینی حق کے مطابق قومی اتحاد اور ہم آہنگی کے طور پر یاد کرتے ہیں۔ اس سال بھی ہم طلبہ تنظیمیں، نوجوان ونگ، اور دیگر سبھی کارکن مل کر اسے بڑے پیمانے پر منائیں گے۔ذرائع کے مطابق ترنمول اس موقع کو پچھلے برسوں کے مقابلے کہیں زیادہ بڑے انداز میں پیش کرنے جا رہی ہے۔دوسری جانب ووٹر لسٹ کی خصوصی نظرِ ثانی کا کام جاری ہے، جو فروری کے پہلے ہفتے تک مکمل ہو کر فائنل لسٹ سامنے آئے گی۔بی جے پی کی جانب سے مطالبات بڑھ گئے ہیں، جن میں شامل ہیں۔دراندازی کرنے والوں کے نام ووٹر لسٹ سے خارج کیے جائیں۔ فرضی ووٹروں کے اندراج کو روکا جائے۔ آدھار کارڈ کی بنیاد پر شہریت حاصل کرنے والوں کی جانچ کی جائے۔ خاص طور پر ’’بنگلہ دیشی مسلمانوں‘‘ کی شہریت منسوخ کی جائے۔ان سخت مطالبات کے پس منظر میں ریاست میں فرقہ وارانہ کشیدگی بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ترنمول کانگریس اس امکان کو روکنے کے لیے دفاعی اور احتیاطی حکمتِ عملی اپنا رہی ہے، تاکہ ماحول میں کسی قسم کی اشتعال انگیزی پیدا نہ ہو۔ترنمول کی قیادت کا ماننا ہے کہ اس دن عوامی سطح پر اتحاد اور بھائی چارے کا مضبوط پیغام دینا ضروری ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس بار ’یومِ یکجہتی‘ کو خصوصی اہمیت کے ساتھ، ایک بڑی ریلی کی شکل میں منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سب کی نظریں اس ریلی میں ممتا بنرجی اور ابھیشیک بنرجی کی تقریروں اور سیاسی پیغامات پر لگی ہوئی ہیں۔

Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات