Saturday, December 6, 2025
ہومNationalپارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس یکم سے19 دسمبر تک

پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس یکم سے19 دسمبر تک

قلیل نشستيں ہنگامے دار ہونے کے آثار

نئی دہلی، 8 نومبر (یو این آئی) پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس یکم دسمبر سے شروع ہوگا اور 19 دسمبر تک جاری رہے گا۔ نسبتاً مختصر سیشن کے دوران صرف 15 نشستیں ہوں گی۔ پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو نے ہفتہ کے روز ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں سرمائی اجلاس کا اعلان کرتے ہوئے تعمیری اور نتیجہ خیز اجلاس کی امید ظاہر کی۔انہوں نے کہا، “صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے یکم سے 19 دسمبر تک پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس بلانے کی حکومت کی تجویز کو منظوری دے دی ہے۔ ہم تعمیری اور نتیجہ خیز اجلاس کے منتظر ہیں جس سے ہماری جمہوریت مضبوط ہوگی اور لوگوں کی توقعات کو پورا کیا جائے گا۔”بہار اسمبلی انتخابات کے فوراً بعد ہونے والا یہ اجلاس انتخابی نتائج سے بظاہر متاثر ہوگا، اور جہاں ایک طرف حکومت اپنے طے شدہ قانون سازی کے ایجنڈے کو مکمل کرنے کی کوشش کرے گی، دوسری طرف اپوزیشن مختلف مسائل پر حکومت کو گھیرے گی۔ اس مختصر سیشن میں، حکومت مختلف کمیٹیوں کے سامنے زیر التواء تین اہم بل کو منظور کرنے کی کوشش کرے گی، جن میں آئین (ایک سو تیسویں ترمیم) بل، 2025، یونین ٹیریٹری گورنمنٹ (ترمیمی) بل، 2025، اور جموں و کشمیر تنظیم نو (ترمیمی) بل، 2025 شامل ہے۔مانسون سیشن کی طرح اس بار بھی اپوزیشن ہریانہ، مہاراشٹر اور کرناٹک جیسی ریاستوں میں ووٹر لسٹ کے ملک گیر جامع جائزے اور انتخابات میں “بے ضابطگیوں” کے مسائل پر حکومت کو گھیرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔سرمائی اجلاس کا اعلان ہوتے ہی کانگریس پارٹی نے حکومت پر الزام لگایا کہ وہ اجلاس کی نشستیں کم کرکے اہم مسائل پر بحث سے گریز کر رہی ہے۔ پارٹی نے کہا کہ اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت کے پاس کوئی کام نہیں ہے۔کانگریس کے شعبہ ابلاغیات کے انچارج جے رام رمیش نے سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا، “ابھی اعلان کیا گیا ہے کہ پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس یکم دسمبر سے 19 دسمبر تک چلے گا۔ یہ غیر معمولی تاخیر اور مختصر ہے، جو صرف 15 کام کے دنوں تک چلے گا۔ اس سے کیا پیغام جا رہا ہے؟ یہ واضح ہے کہ حکومت کے پاس کوئی کام نہیں ہے، نہ کوئی بل پاس کرنے کو ہے اور نہ ہی کسی بحث کی اجازت ہوگی۔”قابل ذکر ہے کہ پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کے دوران بہار میں ووٹر لسٹ کی جامع نظر ثانی اور آپریشن سندور پر بحث کے مطالبے پر اپوزیشن کے ہنگامے کی وجہ سے دونوں ایوانوں کا زیادہ تر وقت ضائع ہوا تھا۔

Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات