Saturday, December 6, 2025
ہومNationalخاتون ڈاکٹر کی خودکشی کی وجہ بدعنوان اقتدار اور حکومت میں بیٹھے...

خاتون ڈاکٹر کی خودکشی کی وجہ بدعنوان اقتدار اور حکومت میں بیٹھے مجرموں کا گٹھ جوڑ ہے: راہل گاندھی

نئی دہلی، 26 اکتوبر (یو این آئی) مہاراشٹر کے ستارا ضلع میں خاتون ڈاکٹر کی خودکشی کے معاملے میں کانگریس رہنما راہل گاندھی نے حکومت پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ایک ہونہار ڈاکٹر بدعنوان اقتدار اور حکومت میں بیٹھے مجرموں کے گٹھ جوڑ کا شکار ہو گئی ہے۔
مسٹر گاندھی نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں لکھا، ’’مہاراشٹر کے ستارا میں ذہنی اور جسمانی استحصال سے تنگ آ کر ایک ڈاکٹر کی خودکشی کسی بھی مہذب سماج کے ضمیر کو جھنجھوڑ دینے والا المیہ ہے۔ ایک ہونہار ڈاکٹر بیٹی، جو دوسروں کا درد مٹانے کی خواہش رکھتی تھی، بدعنوان اقتدار اور حکومت میں بیٹھے مجرموں کی اذیت کا شکار بن گئی۔‘‘انہوں نے کہا، ’’جنہیں عوام کو مجرموں سے بچانے کی ذمہ داری دی گئی تھی، انہی نے اس معصوم کے ساتھ سب سے گھناؤنا جرم کیا، اس کا استحصال کیا۔ اقتدار کے تحفظ میں پلنے والی مجرمانہ سوچ کی یہ سب سے شرمناک مثال ہے۔ یہ خودکشی نہیں، بلکہ ادارہ جاتی قتل ہے۔‘‘راہل گاندھی نے مزید کہا، ’’جب اقتدار مجرموں کی ڈھال بن جائے تو انصاف کی امید کس سے کی جائے؟ ڈاکٹر کی موت بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت کے غیر انسانی اور بے حس چہرے کو بے نقاب کرتی ہے۔ ہم انصاف کی اس لڑائی میں متاثرہ اہل خانہ کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں۔ ہندوستان کی ہر بیٹی کے لیے، اب خوف نہیں، انصاف چاہیے۔‘‘قابل ذکر ہے کہ مہاراشٹر کے ستارا کے پھلٹن میں ضلع سب ڈویژنل اسپتال میں تعینات اس خاتون ڈاکٹر نے خودکشی سے قبل اپنے ہاتھ پر ایک پولیس سب انسپکٹر اور ایک دوسرے شخص کا نام لکھا تھا۔ یہ واقعہ پورے ریاست میں موضوع بحث بنا ہوا ہے۔

Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات