ایک سالہ پی جی ڈپلومہ کورس ، فیس صرف 20,000 روپے، درخواست کی آخری تاریخ 1 دسمبر
جدید بھارت نیوز سروس
کولکاتہ:میڈیا اور کمیونیکیشن کے شعبے میں کیریئر بنانے کا خواب دیکھنے والے طلبا کے لیے جادوپور یونیورسٹی نے ایک نیا موقع فراہم کیا ہے۔ یونیورسٹی نے پوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ ان ماس کمیونیکیشن کے لیے داخلے شروع کر دیے ہیں۔ یہ ایک سالہ کورس تعلیمی سال 26-2025 کے لیے پیش کیا جا رہا ہے۔ داخلے کا عمل مکمل طور پر آن لائن ہوگا، اور یونیورسٹی کی آفیشل ویب سائٹ پر درخواست دینے کی تفصیلات جاری کی گئی ہیں۔ یونیورسٹی نے اس کورس کا شیڈول اس طرح ترتیب دیا ہے کہ کام کرنے والے طلبا بھی اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔ روزانہ شام 5:30 بجے سے 8:30 بجے تک کلاسز ہوں گی۔ کورس کی کل فیس 20,000 روپے مقرر کی گئی ہے، جو اس نوعیت کے پروگرام کے لحاظ سے کافی مناسب ہے۔
درخواست دینے والے امیدوار کے پاس کسی تسلیم شدہ ادارے سے کسی بھی مضمون میں بیچلر ڈگری ہونا ضروری ہے۔ داخلے کے لیے ایک تحریری امتحان لیا جائے گا، جو 13 دسمبر کو جادوپور یونیورسٹی کیمپس میں منعقد ہوگا۔ امتحان کے نتائج کی بنیاد پر میرٹ لسٹ 19 دسمبر کو جاری کی جائے گی، اور داخلے کا عمل 23 دسمبر تک مکمل کر لیا جائے گا۔
دلچسپی رکھنے والے امیدواروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ 1 دسمبر سے پہلے اپنی درخواست مکمل کر لیں تاکہ آخری وقت کی دشواریوں سے بچا جا سکے۔یونیورسٹی کا کہنا ہے کہ یہ کورس خاص طور پر ان طلبا کے لیے بنایا گیا ہے جنہوں نے بیچلر کسی اور مضمون میں کیا ہے، لیکن میڈیا، جرنلزم، پبلک ریلیشنز، اشتہارات یا ڈیجیٹل کمیونیکیشن میں اپنا کیریئر بنانا چاہتے ہیں۔کورس میں ماس کمیونیکیشن کے بنیادی اصول، ریسرچ، نیوز رائٹنگ، میڈیا ایتھکس، ویژول کمیونیکیشن، اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے استعمال جیسے موضوعات پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
یونیورسٹی ذرائع کے مطابق، اس پروگرام کے فارغ التحصیل طلبا کو میڈیا ہاؤسز، نیوز چینلز، پبلک ریلیشنز ایجنسیز، اشتہاری کمپنیوں اور آن لائن میڈیا پلیٹ فارمز میں بہتر روزگار کے مواقع حاصل ہو سکتے ہیں۔ہ کورس ان نوجوانوں کے لیے سنہری موقع ہے جو میڈیا کی دنیا میں قدم رکھنا چاہتے ہیں .خواہ ان کی تعلیمی پس منظر کسی بھی میدان سے کیوں نہ ہو۔



