کہا کہ ان کے خیالات آج بھی متعلقہ ہیں
پٹنہ، 11 اکتوبر (یو این آئی) وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے سنیچر کومجاہد آزادی، سماجی مفکر اورمکمل انقلاب کے بانی لوک نائک جے پرکاش نارائن کو ان کی یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے اپنے آفیشل سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ شیئر کی، جس میں جے پی کو یاد کیا اور ان کے خیالات کو آج کے دور میں بھی رہنمائی کا ذریعہ قرار دیا ۔وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے لکھاکہ ”عظیم مجاہد آزادی، پرجوش سوشلسٹ لیڈر، مکمل انقلاب کے علمبردار، اور بھارت رتن، لوک نائک جے پرکاش نارائن کو ان کے یوم پیدائش پر سینکڑوں سلام۔ جئے پرکاش نارائن جی نے جمہوریت میں اٹل یقین رکھتے ہوئے ناانصافی کے خلاف سماج کومتحد کیا۔ان کے خیالات آج بھی ہمیں مساوات اور انصاف پسند معاشرے کی تعمیرکی ترغیب دیتے ہیں۔وزیر اعلیٰ مسٹر کمار نے مزید کہا کہ لوک نائک کی زندگی جدوجہد، ہمت اور اصولوں کی مثال ہے۔ انہوں نے نہ صرف جنگ آزادی میں حصہ لیا بلکہ آزاد ہندوستان میں طاقت کی غیر مرکزیت ، سماجی انصاف اور شفافیت جیسی اقدار کو بھی فروغ دیا۔قابل ذکر ہے کہ خود وزیر اعلیٰ نتیش کمار کا شمار جے پی تحریک سے متاثر لیڈروں میں ہوتا ہے اور لوک نائک کے خیالات کا ان کی سیاسی زندگی پر گہرا اثر رہا ہے۔



