جگتدل 07 اکتو بر (راست)جگتدل ریلوے اسٹیشن کے پورب میں نو آباد مسلم بستی پورباشا کی زرخیز علمی و ادبی سر زمیں پر دوسری بار بتاریخ 5/اکتوبر 2025 بروز اتوار بوقت شام 6.00 بجے قدیم ادبی ادارہ “قرطاس و قلم” – جگتدل کے بینر تلے ایک شاندار اور یادگار ادبی نشست صابر انصاری وارثی (ھندی کَوی ض) اور انیسہ صابری کی میزبانی میں ان کے دولت کدے (نزد غوثیہ مسجد) پر بڑے تزک و احتشام کے ساتھ منعقد ہوئی۔ مخصوص ادبی نشست کی صدارت صاحبِ کتاب شاعر و ادیب عظیم انصاری صاحب (صدر انجمن ترقی ہند ، شاخ کانکی نارہ،جگتدل) نے کی اور نقابت کے فرائض خوش فکر شاعر سمیع الفت نے بحسن وخوبی انجام دیئے۔ مہمانِ اعزازی کی حیثیت سے مقبول زمانہ شاعر وحشی ہوڑہوی نے شرکت کی۔ معتبر شاعر فیروز اختر صاحب کی تشریف آوری بحثیت مہمان خصوصی رہی۔ مہمانان ذی وقار کے طور پر معروف شاعر اشرف یعقوبی اور ڈاکٹر احمد معراج صاحبان نے محفل کو زینت بخشی۔ خوش گلو شاعر سمیع الفت کے نعتیہ اشعار سے متذکرہ نشست کا آغاز ہوا جب کہ بزرگ شاعر وحشی ہوڑہوی صاحب نے اپنی مترنم آواز میں “آئی لَوؤ محمد آئی لَوؤ محمد” سے محفل کو خوشگوار اور شگفتہ بنا دیا۔ اس پُروقار ادبی نشست میں کولکاتا کے شعراء و ادباء کے ساتھ ساتھ مقامی شاعروں و ادیبوں نے بھی شرکت کیں۔ واضح ہو کہ آج ہی کے دن ادارہ ہذا کے سابق صدر اور استاد شاعر صابر اقبال (مرحوم) جو 5/ اکتوبر 2019 کو اس دارفانی سے کوچ کر گئے تھے ان کو خراج عقیدت پیش کی گئی۔ گزشتہ ماہ وفات پانے والی شخصیات میں ماسٹر ابو کلام (کامریڈ) ، مولانا مظہر عالم ندوی ، ڈاکٹر سلطان ساحر(ہوڑہ) اور عظیم انصاری کے بڑے داماد شیخ خورشید کی مغفرت و ایصال ثواب کے لیے دعائیں کی گئیں ۔ اپنی منفرد تخلیقات سے سامعین کو محظوظ کر خوب داد و تحسین حاصل والوں میں سمیع الفت ، سہیل نور ، خطاب عالم شاد ، خواجہ احمد حسین ، ڈاکٹر احمد معراج ، نسیم اشک ، احمد منیر ، قمر الدین قمر ، بلند اقبال ، اشرف یعقوبی ، فیروز اختر ، وحشی ہوڑہوی ، شمیم انجم وارثی اور صدر عظیم انصاری رہے۔ پروگرام کے دوران معروف خوش گلو شاعرہ محترمہ انیسہ صابری نے شرکاء شعراء کو اپنی کتاب “آئینہ بے وفا نہیں ہوتا” (غزلوں کا مجموعہ) تحفتاً پیش کی۔ مخصوص ادبی تقریب کامیابی کے ساتھ رات 10.00 بجے مکمل ہوئی۔ پروگرام کو کامیاب بنانے میں بطور سامعین انور حسین، محمد صابر انصاری ، صاحب حسین ، اشرف علی، وارث علی انصاری ، محمد کوثر ، محمد معین الدین و دیگر کے نام قابل ذکر ہیں۔



