Saturday, December 6, 2025
ہومWest Bengalوزیر اعلیٰ نے مرکز پر تہواروں کے موسم میں انسانی ساختہ آفات...

وزیر اعلیٰ نے مرکز پر تہواروں کے موسم میں انسانی ساختہ آفات پیدا کرنے کا الزام لگایا

ڈی وی سی کے آبی ذخائر سے پانی چھوڑنے پر ممتا بنرجی اور بی جے پی میں تنازعہ

جدید بھارت نیوز سروس
کولکاتہ، 04 اکتوبر (یو این آئی) مغربی بنگال کی حکمراں پارٹی ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) اور اپوزیشن بی جے پی کے درمیان دامودر وادی کارپوریشن (ڈی وی سی) کے ذریعہ پانی چھوڑے جانے کے مسئلے پر زبانی جنگ تیز ہو گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے مرکز پر تہواروں کے موسم میں انسانی ساختہ آفات پیدا کرنے کا الزام لگایا، جبکہ بی جے پی نے ان کے الزامات کو بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دیا۔وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے الزام لگایا کہ ڈی وی سی نے ریاستی حکومت کو اطلاع دیے بغیر میتھن اور پنچیت کے آبی ذخائر سے 65 ہزار کیوسیک پانی چھوڑ دیا، جس سے درگا پوجا کی اختتامی تقریب کے دوران لاکھوں لوگوں کی زندگی خطرے میں پڑ گئی۔وزیر اعلیٰ نے دیر رات سوشل میڈیا پوسٹ میں دعویٰ کیا کہ شام تک ڈی وی سی کی طرف سے چھوڑا گیا پانی 1,50,000 کیوسیک تک پہنچ گیا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اس یکطرفہ فیصلے سے جنوبی بنگال کے بڑے حصے میں سیلاب آ سکتا ہے۔ممتا بنرجی نے لکھا کہ ڈی وی سی اہلکاروں نے ریاستی حکومت کو پہلے اطلاع دیے بغیر ذخائر سے بڑی مقدار میں پانی چھوڑا اور درگا پوجا کے اختتام پر بنگال کے لاکھوں لوگوں کی زندگی خطرے میں ڈال دی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ تہواروں کے موسم میں بنگال کو قربان کرنے کی سازش ہے۔مرکزی وزیر سی آر پاٹل نے ان الزامات کی تردید کی ہے۔ دامودر وادی دریاؤں کی انضباطکاری سے متعلق کمیٹی ڈی وی آر آر سی) کے اعداد و شمار کے مطابق دو ذخائر سے پانی کی درست مقدار کل 70,000 کیوسیک ہے، جس میں میتھن سے 42,500 کیوسیک اور پنچیت سے 27,500 کیوسیک شامل ہیں، جو وزیر اعلیٰ کے دعوے سے کافی کم ہے۔مسٹر پاٹل نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ یہ 1,50,000 کیوسیک نہیں ہے جیسا کہ وزیر اعلیٰ نے بتایا۔ انہوں نے کہا کہ ڈی وی آر آر سی نے دامودر وادی ریگولیشن مینوئل کے مطابق پانی کے ریگولیشن کے لئے مقررہ طریقہ کار اور سائنسی نقطہ نظر اپنایا ہے۔ ڈی وی آر آر سی سکریٹریٹ نے پانی چھوڑنے سے پہلے ریاست کے آبپاشی اور آبی گذرگاہوں کے ڈائریکٹوریٹ (آئی اینڈ ڈبلیو ڈی) سے رائے بھی طلب کی تھی، لیکن کوئی جواب نہیں ملا۔مسٹر پاٹل کے مطابق دامودر کے نچلے حصوں میں کوئی مسئلہ نہیں اور ہوگلی جیسے اضلاع میں بھی صورتحال معمول کے مطابق ہے۔ ہرنکھولا میں پانی کی سطح بھی وارننگ لیول سے نیچے ہے۔ انہوں نے کہا کہ مغربی بنگال حکومت کی طرف سے جاری کردہ وارننگ بے بنیاد ہے۔یہ دونوں پارٹیوں کے درمیان تیز مباحثہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب بردوان، ہوگلی اور ہاورہ سمیت جنوبی بنگال کے کئی اضلاع، آسانسول اور دورگاپور صنعتی علاقوں میں شدید بارش کے باعث پہلے سے ہی الرٹ پر ہیں۔دامودر دریا میں طغیانی اور درگاپور بیراج کی گنجائش پوری ہوجانے کے سبب ریاست کے آبپاشی اہلکاروں کو تشویش ہے کہ ڈی وی سی کے پانی چھوڑنے سے آنے والے دنوں میں سیلاب کی صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے۔

Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات