بیرون ملک دہشت گردی کی فنڈنگ کا لگایا الزام
تھانے (مہاراشٹر)، 22 ستمبر:۔ (ایجنسی) اتر پردیش پولیس کے انسداد دہشت گردی اسکواڈ (یو پی اے ٹی ایس) نے تھانے کے ممبئی سے ملحقہ علاقے کے بھیونڈی ضلع سے تین نوجوانوں کو گرفتار کیا ہے۔ ان پر تقریباً 3 لاکھ روپے جمع کر کے فلسطین بھیجنے کا الزام ہے۔ تینوں پر مشتبہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا شبہ ہے۔ تفتیشی ادارے تینوں مشتبہ نوجوانوں سے وسیع پیمانے پر پوچھ گچھ کر رہے ہیں۔ حکام نے بتایا کہ یو پی اے ٹی ایس نے سنیچر کی دیر رات بھیونڈی کے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے اور تین نوجوانوں کو گرفتار کیا۔ ان کی شناخت محمد آیان محمد حسین (22)، ابو سفیان تجمل انصاری (22) اور زید نوتیار عبدالقادر (22) کے طور پر ہوئی ہے۔ حکام کے مطابق تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ بھیونڈی سے لاکھوں روپے فلسطین بھیجے جا رہے تھے۔ اس کے بعد، اتر پردیش انسداد دہشت گردی اسکواڈ (اے ٹی ایس) کی ایک ٹیم جمعہ کو بھیونڈی پہنچی اور تحقیقات شروع کی۔ دن بھر نوجوانوں پر نظر رکھنے کے بعد، ٹیم نے سنیچر کی دوپہر بھیونڈی شہر کے گلزار نگر علاقے میں ایک عمارت پر اچانک چھاپہ مارا۔ چھاپے کے دوران ٹیم نے ابو سفیان تجمل انصاری کو ان کے گھر سے حراست میں لے لیا۔ دوران تفتیش اس نے دو دیگر ساتھیوں محمد آیان محمد حسین اور زید نوتیار عبدالقادر کے نام بتائے۔ اے ٹی ایس کی ٹیم نے شانتی نگر اور نظام پورہ پولس کی مدد سے دونوں افراد کو حراست میں لے کر پولس اسٹیشن لایا۔ ان کے خلاف بھتہ خوری اور بیرون ملک دہشت گردی کی فنڈنگ کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ سینئر پولیس انسپکٹر ونائک گائیکواڈ نے بتایا کہ اتر پردیش کے انسداد دہشت گردی دستہ (اے ٹی ایس) نے تینوں نوجوانوں کو ہفتے کی رات دیر گئے گرفتار کیا اور مزید تفتیش کے لیے لکھنؤ میں اے ٹی ایس کے دفتر لے گئے۔ غور طلب ہے کہ گزشتہ ہفتے دہلی پولیس نے ایک مشتبہ دہشت گرد آفتاب قریشی کو امبرناتھ تعلقہ کے نیوالی ناکہ علاقے سے گرفتار کیا تھا۔ مقامی ہل لائن پولیس نے آفتاب قریشی کے گھر کی تلاشی بھی لی۔ اسے گرفتار کر کے مزید تفتیش کے لیے دہلی لے جایا گیا۔ اس کے بعد بھیونڈی کے ان تین نوجوانوں پر ملک مخالف مشتبہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا شبہ ہے۔ تفتیشی ایجنسیاں ان سے بڑے پیمانے پر پوچھ گچھ کر رہی ہیں۔



