لاہور، 20 ستمبر (یو این آئی) تاجمین برٹس (ناٹ آؤٹ 171)، لورا وولوارڈ (100) اور پھر نیڈین ڈی کلرک (تین وکٹوں) کی شاندار کارکردگی کی بدولت جنوبی افریقہ کی خواتین ٹیم نے بارش سے متاثرہ دوسرے میچ میں پاکستان کو ڈک ورتھ لوئس اسٹرن میتھڈ (ڈی ایل ایس میتھڈ) کے تحت 25 رنز سے شکست دے دی۔ اس کے ساتھ ہی جنوبی افریقہ نے تین میچوں کی سیریز میں 2-0 کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کر لی ہے۔313 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز اچھا نہیں رہا اور اس نے تیسرے اوور میں ہی منیبہ علی (1) کا وکٹ گنوا دیا۔ اس کے بعد عمائمہ سہیل اور سدرہ امین کی جوڑی نے اننگ کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ مساباتا کلاس نے 11ویں اوور میں عمائمہ سہیل (43) کو آؤٹ کر کے شراکت کو توڑا۔ عالیہ ریاض (18) رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں۔سدرہ امین اور نتالیہ پرویز نے چوتھے وکٹ کے لیے 146 رنز جوڑے۔ کلو ٹرائن نے سدرہ امین (122) کو بولڈ کر کے اس شراکت کا خاتمہ کیا۔ اس کے بعد پاکستانی بلے بازوں نے وقفے وقفے سے جنوبی افریقہ کے باؤلنگ اٹیک کے سامنے وکٹیں گنوائیں۔ نتالیہ پرویز نے 60 گیندوں پر 73 رنز بنائے۔ رامین شمیم 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں۔



