Saturday, December 6, 2025
ہومInternationalغزہ میں صحافیوں کے قتل کو بند کیا جا ئے؛غیر ملکی پریس...

غزہ میں صحافیوں کے قتل کو بند کیا جا ئے؛غیر ملکی پریس کو آزادانہ رسائی دی جا ئے

یورپی یونین کا اسرائیلی وزرا پر پابندیوں اور تجارتی تعلقات محدود کرنے کا مطالبہ

بروسیلز، 12 ستمبر (یو این آئی) یورپی یونین کے قانون سازوں نے غزہ کی جنگ کے پیش نظر 2 اسرائیلی وزرا پر پابندیاں عائد کرنے اور اسرائیل کے ساتھ تجارتی تعلقات محدود کرنے کی تجویز پیش کی ہے، جسے یورپی کمیشن کی صدر ارسلا فان ڈیر لائن کی جانب سے پیش کردہ اقدامات کی حمایت قرار دیا جا رہا ہے۔ڈان میں شائع رپورٹ کے مطابق یورپی یونین کے قانون سازوں نے جمعرات کو 2 انتہا پسند اسرائیلی وزرا پر پابندیاں عائد کرنے اور غزہ کی جنگ کے پیشِ نظر تجارتی تعلقات محدود کرنے کا مطالبہ کیا، جسے یورپی کمیشن کی صدر ارسلا فان ڈیر لائن کی جانب سے پیش کردہ اقدامات کی حمایت قرار دیا جا رہا ہے۔یورپی یونین کی سربراہ نے بدھ کے روز یورپی پارلیمان میں اپنے سالانہ خطاب میں کہا تھا کہ وہ ان اقدامات کی تجویز پیش کریں گی اور اب یہ فیصلہ رکن ممالک کے ہاتھ میں ہے۔تاہم، اسرائیل کی غزہ جنگ پر یورپی یونین کے 27 ممالک کے درمیان گہری تقسیم کے باعث ان اقدامات کی منظوری مشکل ہوگی۔یورپی پارلیمان نے کہا کہ اس نے ایک غیر پابند قرارداد کے حق میں ووٹ دیا ہے جس میں کمیشن کی صدر کے اسرائیل کے ساتھ یورپی یونین کی دوطرفہ امداد معطل کرنے اور تجارتی معاہدے کو جزوی طور پر معطل کرنے کے فیصلے کی توثیق کی گئی ہے۔قرارداد میں یہ بھی کہا گیا کہ اسرائیلی وزیرِ خزانہ بیزلیل اسموٹریچ اور وزیرِ قومی سلامتی ایتامار بن گویر پر پابندیاں عائد کی جائیں۔یورپی یونین پر غزہ کی صورتحال پر زیادہ سخت مؤقف اختیار نہ کرنے پر بڑھتی ہوئی تنقید سامنے آ رہی ہے۔فارِن پریس ایسوسی ایشن (ایف پی اے) نے جمعرات کو اسرائیل کی مذمت کی کہ اس نے تقریباً دو سال سے جاری غزہ جنگ کے دوران غیر ملکی صحافیوں کو آزادانہ رسائی فراہم نہیں کی۔ایسوسی ایشن نے کہا کہ اسرائیل کو چاہیے کہ وہ غزہ میں صحافیوں کے قتل کو بند کرے اور غیر ملکی پریس کو آزاد اور خودمختار رسائی دے۔ایسوسی ایشن کے 350 سے زائد ارکان اسرائیل اور فلسطینی علاقوں میں غیر ملکی میڈیا اداروں کے لیے کام کرتے ہیں۔اس کا مزید کہنا تھا کہ یہ مسلسل اور ادارہ جاتی تاخیر اسرائیل اور اس کے اتحادیوں پر بدنما داغ ہے، جو اکثر بنیادی صحافتی آزادیوں کے دفاع میں بولنے سے گریز کرتے ہیں۔بیان کے مطابق اسرائیل کی سپریم کورٹ نے ایسوسی ایشن کی غزہ میں داخلے کی درخواست پر بار بار سماعتیں مؤخر کیں۔ایسوسی ایشن نے کہا کہ یہ افسوسناک ہے کہ آزاد اور خودمختار رسائی کے لیے دی گئی دوسری درخواست کو ایک سال گزر چکا ہے۔ مزید کہا گیا کہ عدالت نے ہنگامی صورتحال کے باوجود حکومت کی تاخیر کی درخواستوں کو بار بار قبول کیا اور ایک کے بعد ایک سماعت ملتوی کی۔ایسوسی ایشن نے یہ بھی کہا کہ غزہ میں فلسطینی صحافیوں کو براہِ راست نشانہ بنایا گیا ہے اور وہ مقامات جہاں وہ عموماً اکٹھے ہوتے تھے، بمباری کا نشانہ بنے۔ بیان میں کہا گیا کہ کم از کم 200 صحافی اسرائیلی فائرنگ میں مارے جا چکے ہیں، ان تمام خطرات کے باوجود وہ دنیا کو معلومات پہنچاتے رہتے ہیں، حالانکہ وہ تشدد، بھوک اور بار بار بے گھری کا بھی سامنا کر رہے ہیں۔

Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات