Saturday, December 6, 2025
ہومJharkhandرِنپاس نے ذہنی صحت کی خدمات میں اپنی سو سالہ خدمات مکمل...

رِنپاس نے ذہنی صحت کی خدمات میں اپنی سو سالہ خدمات مکمل کر لیں

رِنپاس کو جدید سہولیات سے لیس کیا جائے گا: صد سالہ تقریب میں وزیر اعلیٰ کا اعلان

جدید بھارت نیوز سروس
رانچی، 4 ستمبر:۔ رانچی کے کانکے علاقے میں واقع رِنپاس (ریجنل انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ) نے اپنی خدمات کے 100 سال مکمل ہونے پر تین روزہ شاندار صد سالہ تقریبات کا آغاز کر دیا۔ تقریب کے افتتاحی دن وزیر اعلیٰ جھارکھنڈ ہیمنت سورین، مرکزی وزیر مملکت برائے دفاع سنجے سیٹھ، ریاستی وزیر صحت ڈاکٹر عرفان انصاری، سابق مرکزی وزیر سبودھ کانت سہائے، کانگریس کے ڈپٹی لیڈر راجیش کچھپ، مقامی ایم ایل اے سریش بیٹھا اور پرنسپل سیکریٹری صحت اے کے سنگھ نے شرکت کی۔
ادارے کی تاریخی خدمات پر وزیر اعلیٰ کا خراج تحسین
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے رِنپاس کی 100 سالہ خدمات کو ’عوام کی بے لوث خدمت‘ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ادارہ ملک کی آزادی سے قبل سے ہی ذہنی مریضوں کے علاج میں مصروف عمل ہے۔ رِنپاس ریاستی حکومت کے تحت چلنے والا ادارہ ہے، جبکہ قریب ہی واقع سی آئی پی (سینٹرل انسٹی ٹیوٹ آف پسیکیٹری) مرکزی حکومت کے زیر انتظام ہے۔ دونوں ادارے مل کر نفسیاتی علاج کے میدان میں نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں۔
ذہنی صحت کے بدلتے تقاضے: ادارے کی اہمیت مزید بڑھے گی
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ انسانی ذہنی کیفیت میں وقت کے ساتھ نمایاں تبدیلی آئی ہے۔ انہوں نے کہا، ’’1925 میں انسانی ذہن کس کیفیت میں تھا، یہ تو نہیں کہا جا سکتا، لیکن آج کی صورت حال یقینی طور پر تشویشناک ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آئندہ دنوں میں رِنپاس جیسے اداروں کی اہمیت اور زیادہ بڑھے گی‘‘۔ انہوں نے یہ بھی اعتراف کیا کہ وہ پہلی مرتبہ رِنپاس آئے ہیں اور آئندہ اس ادارے کا تفصیلی جائزہ لے کر بہتری کے اقدامات کیے جائیں گے۔
داخلوں میں کمی پر تشویش، جائزہ لینے کا اعلان
اپنے خطاب میں وزیر اعلیٰ نے یہ سوال اٹھایا کہ جب ادارے میں 50 داخلے ہونے تھے تو ان میں کمی کیوں آئی؟ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ اس مسئلے کا جائزہ لیا جائے گا اور حل نکالا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ذہنی امراض میں اضافہ ہو رہا ہے، اور اسی تناظر میں جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے رِنپاس کو ترقی دی جائے گی۔
نئی عمارت اور جدید سہولیات کی تعمیر کا اعلان
وزیر صحت ڈاکٹر عرفان انصاری نے کہا کہ رِنپاس نہ صرف ریاست بلکہ پورے خطے کے لیے امید کی کرن ہے۔ انہوں نے کہا، “وزیر اعلیٰ نے صحت کے شعبے کو بہتر بنانے کی ہدایات دی ہیں، اور رِنپاس کے لیے نئی عمارت اور ہائی ٹیک سہولیات کا بندوبست کیا جائے گا۔”
بچوں میں بڑھتا ہوا ڈپریشن تشویشناک: عرفان انصاری
ڈاکٹر انصاری نے انکشاف کیا کہ روزانہ 10 سے 15 بچے رِنپاس میں ڈپریشن کی علامات کے ساتھ آتے ہیں۔ انہوں نے بچوں میں ذہنی دباؤ کے بڑھتے رجحان کو سنگین مسئلہ قرار دیتے ہوئے اعلان کیا کہ ٹَیلی میڈیسن کے ذریعے ذہنی صحت کی خدمات دیہی علاقوں تک پہنچائی جائیں گی۔ ساتھ ہی انہوں نے رِمز 2 اسپتال کے قیام کی بھی تصدیق کی۔
ڈاک ٹکٹ اور ٹَیلی مینٹل ہیلتھ سروسز کا اجرا
رِنپاس کی صد سالہ تقریبات کے موقع پر چیف پوسٹ ماسٹر جنرل وِدھان چندر رائے نے ایک یادگاری ڈاک ٹکٹ جاری کیا۔ وزیر اعلیٰ نے بٹن دبا کر ٹَیلی مینٹل ہیلتھ سروس اور ڈیجیٹل اکیڈمی کا افتتاح بھی کیا۔ اس موقع پر ادارے کی یادگاری کتاب اور دیگر اہم مطبوعات کا بھی اجرا ہوا۔
ریٹائرڈ افسران اور فیکلٹی کی خدمات کو سراہا گیا
صد سالہ تقریبات کے دوران ادارے کے سابق ڈائریکٹرز، سپرنٹنڈنٹس اور فیکلٹی ممبرز کو ان کی گراں قدر خدمات پر اعزازات سے نوازا گیا۔ ان میں ڈاکٹر پی کے چکرورتی، ڈاکٹر این این اگروال، ڈاکٹر اشوک پرساد، ڈاکٹر اشوک ناگ، ڈاکٹر کے کے سنہا، ڈاکٹر پروین کمار سنہا اور ڈاکٹر کپتان سنگھ سینگر شامل تھے۔

Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات