Saturday, December 6, 2025
ہومInternationalپرتگال میں کیبل کار ٹرین حادثے کا شکار ہو گئی، 15 افراد...

پرتگال میں کیبل کار ٹرین حادثے کا شکار ہو گئی، 15 افراد ہلاک

لزبن، 4 ستمبر (یو این آئی) پرتگال کے دارالحکومت لزبن میں کیبل کار ٹرین کو ہولناک حادثہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں 15 افراد ہلاک ہو گئے۔روئٹرز کے مطابق بدھ کے روز لزبن کی گلیوریا فنیکولر ٹرین کے پٹری سے اترنے اور تباہ ہونے کے نتیجے میں کم از کم پندرہ افراد ہلاک اور 18 زخمی ہو گئے، یہ تاریخی ریل گاڑی سیاحوں میں مقبول اور شہر کی ایک علامت سمجھی جاتی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں کچھ غیر ملکی شہری بھی شامل ہیں، جب کہ 5 زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ لزبن کے میئر کارلوس موئیداس نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ’’یہ ہمارے شہر کے لیے ایک المناک دن ہے، لزبن سوگ میں ہے، یہ ایک افسوس ناک، بہت افسوس ناک واقعہ ہے۔‘‘پرتگالی حکومت نے جمعرات کو یوم سوگ بھی قرار دیا ہے۔ جائے وقوعہ سے موصول ہونے والی ویڈیوز میں تباہ شدہ پیلے رنگ کی ٹرام جیسی فنیکولر کو دیکھا جا سکتا ہے، جو پرتگالی دارالحکومت کی ایک کھڑی پہاڑی پر لوگوں کو اوپر نیچے لے جاتی ہے۔ امدادی کارکن ملبے سے لوگوں کو نکال رہے تھے۔صدر مارسیلو ریبیلو دی سوزا نے ایک بیان میں اس افسوس ناک حادثے پر دکھ کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ حکام جلد اس حادثے کی وجہ معلوم کر لیں گے۔واضح رہے کہ یہ ریل لائن، جو 1885 میں قائم ہوئی تھی، لزبن کے وسطی علاقے (ریستورادورِس اسکوائر) کو بائرو آلٹو (بالائی کوارٹر) سے جوڑتی ہے، جو رات کی با رونق زندگی کے لیے مشہور ہے۔ انتظامیہ کا کہنا تھا کہ ٹرین چلانے سے قبل تمام مینٹی نینس (مرمتی) پروٹوکول پر عمل کیا گیا تھا، جن میں ماہانہ اور ہفتہ وار مرمت کے پروگرام اور روزانہ کی جانچ شامل ہے۔ٹاؤن ہال کے مطابق اس کیبل کار ٹرین پر ہر سال تقریباً 30 لاکھ افراد کو سفری سہولت فراہم کی جاتی ہے۔ اس لائن کی دو کاریں ہیں، جن میں سے ہر ایک میں تقریباً 40 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے، اور دونوں کاریں ایک کھینچنے والی کیبل کے مخالف سروں پر جُڑی ہوتی ہیں، جب کہ ان کی حرکت بجلی سے چلنے والے موٹرز کے ذریعے ہوتی ہے۔
لائن کے نچلے حصے میں موجود گاڑی بظاہر محفوظ رہی، تاہم سی این این پرتگال پر نشر کی گئی راہگیروں کی ویڈیو میں دیکھا گیا کہ جب اوپری گاڑی پٹری سے اتری تو نچلی گاڑی زور سے جھٹکے سے ہلی، جس پر کئی مسافر کھڑکیوں سے چھلانگ لگا کر نکلے اور لوگوں کی چیخ و پکار سنائی دی۔

Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات