ریاض، 4 ستمبر (یو این آئی) فلسطین کے دو ریاستی حل کے لیے مل کر کام کرنے والے رہنماؤں ایمانوئل میکرون اور محمد بن سلمان کا اہم رابطہ ہوا ہے۔تفصیلات کے مطابق منگل کو سعودی ولئ عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون نے ٹیلی فونک رابطہ کیا، جس میں فلسطین کی سنگین صورت حال اور غزہ میں انسانی المیے کے خاتمے کی کوششوں پر گفتگو کی گئی۔سعودی میڈیا کے مطابق دونوں رہنماؤں نے غزہ میں فوری جنگ بندی اور مشرقِ وسطیٰ میں قیامِ امن کی ضرورت پر زور دیا، اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں کی صورت حال اور غزہ میں انسانی المیے کے خاتمے کے لیے کی جانے والی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔فرانسیسی صدر میکرون نے کہا کہ وہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے ساتھ 22 ستمبر کو نیویارک میں ہونے والی دو ریاستی حل کانفرنس کی مشترکہ صدارت کریں گے۔سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق ولی عہد نے ایک بار پھر اسرائیل کی جانب سے غزہ اور مقبوضہ علاقوں پر جنگ کے فوری خاتمے کے سعودی عرب کے مطالبے کو دہرایا، اور دو ریاستی حل کو سبوتاژ کرنے والے تمام اقدامات کی مذمت بھی کی۔واضح رہے کہ سعودی عرب اور فرانس نے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے لیے ایک مشترکہ سفارتی مہم کی قیادت کی ہے، جولائی میں میکرون نے اعلان کیا تھا کہ فرانس اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران باقاعدہ طور پر فلسطینی ریاست کو تسلیم کرے گا، یوں وہ ایسا اعلان کرنے والا پہلا جی 7 ملک ہوگا۔ اس اقدام کو سعودی عرب سمیت خلیجی ریاستوں نے خوش آئند قرار دیا۔گزشتہ ماہ سعودی عرب اور فرانس نے ایک اہم بین الاقوامی کانفرنس کی مشترکہ صدارت بھی کی، جس کا مقصد دنیا کی بڑی طاقتوں کو اس بات پر آمادہ کرنا تھا کہ مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کے لیے فلسطینی ریاست کا قیام ضروری ہوچکا ہے۔
فلسطین کے دو ریاستی حل کے لیے مل کر کام کرنے والے رہنماؤں میکرون اور محمد بن سلمان کا اہم رابطہ
مقالات ذات صلة



