راجگیر، 31 اگست (یو این آئی) ہاکی انڈیا نے اتوار کو ہندوستانی مرد ہاکی ٹیم کے گول کیپر کرشن بی پاٹھک کو 150ویں بین الاقوامی میچ مکمل کرنے پر مبارکباد دی۔پنجاب کے کپورتھلہ کے رہنے والے 28 سالہ کرشن بی پاٹھک نے راجگیر ہاکی اسٹیڈیم میں جاری ہیرو مینز ایشیا کپ راجگیر بہار 2025 کے ہندوستان کے دوسرے میچ میں جاپان کے خلاف یہ شاندار کارنامہ انجام دیا۔اپنی چستی اور مستقل مزاجی کے لیے پہچانے جانے والے پاٹھک سب سے پہلے ہندوستانی جونیئر مردوں کی ہاکی ٹیم کا حصہ بن کر نکھر کر سب کے سامنے آئے جس نے لکھنؤ میں 2016 کے ایف آئی ایچ جونیئر ورلڈ کپ میں طلائی تمغہ جیتا تھا۔ انہوں نے جنوری 2018 میں چار ملکی ٹورنامنٹ میں جاپان کے خلاف اپنی سینئر ٹیم میں ڈیبیو کیا اور جلد ہی ٹیم میں اپنی جگہ مضبوط کر لی۔ اس کے بعد سے وہ ہندوستان کی بہت سی مشہور فتوحات کا حصہ رہے ہیں، جن میں 2018 کی ایشین چیمپئنز ٹرافی (پاکستان کے ساتھ مشترکہ گولڈ)، ہانگژو میں 2022 کے ایشین گیمز کا گولڈ اور 2023 اور 2024 میں لگاتار ایشین چیمپئنز ٹرافی ٹائٹل شامل ہیں۔ انہیں ہاکی انڈیا بلجیت سنگھ کے سال 2018 کے ایوارڈ سے نوازا گیا ہے اور 2024 میں باوقار ارجن ایوارڈ، پیرس 2024 اولمپک گیمز کے بعد تجربہ کار گول کیپر پی آر سریجیش کی ریٹائرمنٹ کے بعد پاٹھک ہندوستان کے قابل بھروسہ اور پہلی پسند کے گول کیپر رہے ہیں۔ 150 میچوں کے سنگ میل پر بات کرتے ہوئے کرشن بی پاٹھک نے کہاکہ “یہ میرے اور میرے خاندان کے لیے ایک بہت ہی خاص لمحہ ہے۔ 150 بار ہندوستان کی نمائندگی کرنا ایک خواب ہے جس کا میں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا جب میں نے کپورتھلہ میں ہاکی کھیلنا شروع کیا تھا۔ یہ کامیابی اس لیے بھی خاص ہے کیونکہ یہ ہمارے لیے اتنے اہم ٹورنامنٹ کے دوران آئی ہے۔ میں ہر ایک کا شکر گزار ہوں، جنہوں نے اپنے ساتھی اور ہندوستانی ٹیم پر بھروسہ کیا۔ میرے پورے سفر میں میری توجہ ٹیم کی کامیابی میں اپنا حصہ ڈالنا اور ہندوستان میں گول کیپرز کی اگلی نسل کو متاثر کرنا ہے۔”پاٹھک کو مبارکباد دیتے ہوئے ہاکی انڈیا کے صدر ڈاکٹر دلیپ ٹرکی نے کہاکہ “کرشن حالیہ برسوں میں ہندوستانی ہاکی کے ستونوں میں سے ایک رہے ہیں۔
گول کیپنگ ایک چیلنجنگ کردار ہے اور اس نے بڑے مراحل پر مسلسل اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ 2016 کے جونیئر ورلڈ کپ سے لے کر ہندوستان کے پسندیدہ گول کیپر بننے تک کا سفر ہر ایک نوجوان گول کیپر کی کہانی پر ہے۔ ہاکی انڈیا، میں اسے 150 بین الاقوامی میچ کھیلنے پر مبارکباد دیتا ہوں اور آنے والے سالوں میں ان کے لیے مزید سنگ میل کے لیے نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔ہاکی انڈیا کے سکریٹری جنرل بھولا ناتھ سنگھ نے کہاکہ “ہمیں کرشن کی کامیابیوں پر بے حد فخر ہے۔ اس نے کھیل کے لیے زبردست لگن، ثابت قدمی اور جذبہ دکھایا ہے۔ حالیہ برسوں میں ان کی کارکردگی نے ہندوستان کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا ہے اور وہ ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کے لیے ایک رول ماڈل بنے ہوئے ہیں۔ 150 میچ کھیلنا نہ صرف ان کی ذاتی کامیابی ہے بلکہ ہندوستانیوں کے لیے یہ ایک فخر کی بات ہے۔”



