Saturday, December 6, 2025
ہومInternationalغزہ کی پٹی: اسرائیلی حملوں میں 75 شہید، امداد لینے والے بھی...

غزہ کی پٹی: اسرائیلی حملوں میں 75 شہید، امداد لینے والے بھی شامل

اسرائیل کا غزہ شہر میں مستقل موجودگی کا منصوبہ؛یورپی ممالک کی جانب سے سخت مذمت کی گئی

غزہ، 30 اگست (یو این آئی) آج ہفتے کو علی الصبح سے اب تک غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں 75 سے زائد فلسطینی جاں بحق ہو چکے ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں 11 وہ افراد بھی شامل ہیں جو شمالی غزہ کے علاقے زیيم میں انسانی امداد وصول کرتے ہوئے نشانہ بنے۔طبی ذرائع نے “العربیہ” کو بتایا ہے کہ اسرائیلی فوج نے شمال اور جنوب دونوں سمتوں میں اپنی کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ ٹینکوں نے جبالیا النزلہ اور شیخ رضوان محلے میں، ابو اس،ندر کے اطراف رہائشی بلاکوں پر گولہ باری اور ان کی مسماری شروع کردی۔ یہ علاقہ شمالی غزہ اور غزہ شہر کو ملانے والا ایک اہم مقام سمجھا جاتا ہے۔جنوبی حصے میں اسرائیلی افواج نے صبرہ اور الزيتون کے محلوں میں اپنی کارروائیاں بڑھا دیں اور پانچ سے زائد بکتربند گاڑیوں کے ذریعے رہائشی گھروں کو مکمل طور پر دھماکوں سے تباہ کیا۔اسرائیلی میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ الزيتون اور مشرقی غزہ میں شدید لڑائی چھڑ گئی ہے۔العربیہ کے نامہ نگار کے مطابق اسرائیلی ہیلی کاپٹروں نے الزيتون محلے میں جھڑپوں کے دوران زخمی ہونے والے فوجیوں کو نکالا۔اسرائیلی جنگی طیاروں نے مشرقی غزہ میں بے گھر فلسطینیوں کے زیر استعمال مکانات کو بھی نشانہ بنایا۔ عینی شاہدین کے مطابق اس کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق اور دس زخمی ہوئے۔ادھر فلسطینی وزارتِ صحت نے “العربیہ” کو بتایا کہ بے گھر افراد میں خطرناک وائرس کے پھیلنے کا خدشہ ہے۔ اس کی علامات کرونا سے ملتی جلتی ہیں، مثلاً تیز بخار، متلی، قے اور اسہال۔ وزارت نے کہا کہ طبی سازوسامان کی عدم دستیابی کے باعث ان بیماریوں کی صحیح نوعیت کی تشخیص ممکن نہیں ہو پا رہی۔یہ خدشات اس وقت سامنے آئے ہیں جب اقوامِ متحدہ نے بھی صحت اور انسانی صورتِ حال کے بگڑنے پر انتباہ جاری کیا ہے۔امداد کے حوالے سے، اسرائیلی فوج نے تقریباً 45 ٹرکوں کو تجارتی علاقے اور امدادی ادارے “ورلڈ سینٹرل کچن” کے لیے داخل ہونے کی اجازت دی۔ تاہم ان میں سے بعض ٹرک شمالی غزہ میں راستے میں روک کر فلسطینی گروہوں کی جانب سے لوٹ مار کا شکار ہوئے۔
آئس لینڈ، آئرلینڈ، لکسمبرگ، ناروے، سلووینیا اور اسپین کے وزرائے خارجہ نے غزہ کی پٹی میں شروع کردہ حالیہ اسرائیلی جارحیت اور علاقے میں مستقل موجودگی قائم کرنے کے اعلان کی شدید مذمت کی ہے، یہ بات انہوں نے جمعہ کو ایک مشترکہ بیان میں کہی۔اسرائیلی فوج نے تقریباً دو سال کی تباہ کن جنگ کے بعد فلسطینی سرزمین کے سب سے بڑے شہر کو فتح کرنے کے لیے ایک وسیع حملے کا منصوبہ بنایا ہے اور اس سے قبل جمعے کے روز غزہ شہر کو “خطرناک جنگی زون” قرار دے دیا۔اسرائیل پر جنگ ختم کرنے اور علاقے میں امداد کے داخلے کی اجازت دینے کا شدید دباؤ ہے لیکن اسرائیلی فوج لڑائی کو وسعت دینے اور غزہ شہر پر قبضہ کرنے کی تیاری کر رہی ہے اور اس کے عربی زبان کے ترجمان افیخائی ادرعی نے جمعہ کو کہا: “ہم انتظار نہیں کر رہے۔”انہوں نے ایکس پر کہا، “ہم نے ابتدائی کارروائیاں اور غزہ شہر پر حملے کے ابتدائی مراحل شروع کر دیئے ہیں اور ہم اس وقت شہر کے مضافات میں بڑی طاقت کے ساتھ کارروائی کر رہے ہیں۔”اقوامِ متحدہ کا اندازہ ہے کہ اس وقت تقریباً دس لاکھ لوگ غزہ گورنری میں رہتے ہیں جس میں علاقے کے شمال میں واقع غزہ شہر اور اس کے اردگرد کی آبادیاں شامل ہیں۔اقوامِ متحدہ نے گذشتہ ہفتے غزہ گورنری میں قحط کا اعلان کرتے ہوئے اسرائیل کی طرف سے انسانی امداد کی ترسیل میں “منظم رکاوٹ” کا الزام لگایا تھا۔جمعہ کے روز فوج کے ایک بیان میں کہا گیا، غزہ شہر میں پیش رفت سے یہ “ایک خطرناک جنگی علاقہ بن گیا ہے” اور امداد کی تقسیم میں سہولت فراہم کرنے کے مقصد سے فوجی سرگرمیوں میں روزانہ وقفہ اب وہاں نافذ نہیں ہو گا۔فوج نے آبادی سے فوری طور پر وہاں سے نکلنے کا مطالبہ نہیں کیا لیکن ادرعی نے اس ہفتے کے شروع میں کہا تھا کہ شہر سے لوگوں کا انخلاء “ناگزیر” تھا۔

Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات