شیمکنت، (قازقستان) 24 اگست (یو این آئی) ایشین شوٹنگ چیمپئن شپ 2025 میں اتوار کوہندوستان کے ایشوریہ پرتاپ سنگھ تومر نے مردوں کے 50 میٹر رائفل تھری پوزیشن ایونٹ میں طلائی تمغہ جیت لیا۔آج یہاں کھیلے گئے فائنل میچ میں ایشوریہ پرتاپ سنگھ تومر نے چین کے ژاؤ وینیو (462.0) کو شکست دی اور 462.5 پوائنٹس کے ساتھ گولڈ میڈل جیتا۔ ایشوریہ کا اسی ایونٹ میں یہ دوسرا ایشین ٹائٹل ہے، اس سے قبل انہوں نے 2023 میں بھی گولڈ میڈل جیتا تھا۔اکھل شیوران نے بھی اس سال فائنل میں جگہ بنائی تھی لیکن وہ پانچویں نمبر پر رہے جبکہ ایک اور ہندوستانی شوٹر چین سنگھ چوتھے نمبر پر رہے۔ جاپان کے ناویا اوکاڈا نے کانسے کا تمغہ جیتا۔ایشوریہ تومر، چین سنگھ اور اکھل شیوران کی تکڑی نے ٹیم ایونٹ میں 1747 پوائنٹس کے ساتھ چاندی کا تمغہ بھی جیتا۔ ہندوستانی ٹیم گولڈ میڈلسٹ چین سے صرف تین پوائنٹ پیچھے ہے۔ جمہوریہ کوریا نے ٹیم ایونٹ میں کانسے کا تمغہ جیتا۔



