احمد آباد: گجرات کے مختلف اضلاع میں طوفانی بارش کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے 20 افراد ہلاک ہوگئے۔ ایک اہلکار نے پیر کو یہ جانکاری دی۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے اتوار کے روز گجرات کے مختلف شہروں میں خراب موسم اور آسمانی بجلی گرنے سے ہونے والی اموات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مقامی انتظامیہ امدادی کاموں میں مصروف ہے۔ ریاستی ایمرجنسی آپریشن سینٹر (SEOC) کے ایک اہلکار کے مطابق، گجرات کے مختلف حصوں سے اب تک بارش سے متعلق کل 20 اموات کی اطلاع ملی ہے۔
تمام اموات اتوار کو ریاست میں غیر موسمی بارش کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے ہوئیں۔ ایس ای او افسر نے بتایا کہ داہود ضلع میں چار، بھروچ میں تین، تاپی میں دو اور احمد آباد، امریلی، بناسکانٹھا، بوٹاڈ، کھیڑا، مہسانہ، پنچ محل، سابر کانٹھا، سورت، سریندر نگر اور دیو بھومی دوارکا میں ایک ایک کی موت ہوئی۔
مرکزی وزیر امیت شاہ نے اتوار کی رات ٹویٹر پر ایک پوسٹ میں کہا، “گجرات کے مختلف شہروں میں خراب موسم اور آسمانی بجلی گرنے سے کئی لوگوں کی موت کی خبر سے مجھے بہت دکھ ہوا ہے۔ میں ان لوگوں کے تئیں اپنی گہری تعزیت کا اظہار کرتا ہوں جنہوں نے اس سانحہ میں اپنے پیاروں کو کھو دیا ہے۔ مقامی انتظامیہ امدادی کاموں میں مصروف ہے، زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعائیں کی جارہی ہیں۔انڈیا کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے کہا ہے کہ پیر کو بارش کی سرگرمیاں کم ہونے کا امکان ہے۔
SEOC کے اعداد و شمار کے مطابق، اتوار کو گجرات کے 252 میں سے 234 تعلقہ میں بارش ہوئی، سورت، سریندر نگر، کھیڑا، تاپی، بھروچ اور امریلی اضلاع میں 16 گھنٹوں میں 50-117 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جس سے معمولات زندگی درہم برہم ہو گئے۔ اس بے موسمی بارش کی وجہ سے فصلوں کو کافی نقصان پہنچا ہے۔ راجکوٹ کے کچھ حصوں میں ژالہ باری ہوئی۔ حکام نے بتایا کہ فصلوں کو نقصان پہنچانے کے علاوہ، بارش نے سوراشٹرا کے موربی ضلع میں سیرامک انڈسٹری کو بھی متاثر کیا۔
آئی ایم ڈی کے احمد آباد سینٹر کی ڈائریکٹر منورما موہنتی نے کہا کہ پیر کو بارش کم ہو جائے گی اور جنوبی گجرات اور سوراشٹرا اضلاع کے کچھ حصوں پر مرکوز ہو گی۔ آئی ایم ڈی نے اپنے بلیٹن میں کہا ہے کہ بارش شمال مشرقی بحیرہ عرب اور آس پاس کے سوراشٹرا اور کچ کے علاقوں میں طوفانی گردش کی وجہ سے ہوئی ہے۔