نئی دہلی، 09 اگست (یو این آئی ) وزیر اعظم نریندر مودی اتوار کو کرناٹک کی راجدھانی بنگلورو میں مختلف اسکیموں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھیں گے۔سرکاری معلومات کے مطابق مسٹر مودی بنگلورو میں تقریباً 7160 کروڑ روپے کی لاگت والی بنگلور میٹرو یلو لائن کا افتتاح کریں گے اور 15,610 کروڑ روپے سے زیادہ کی لاگت والے بنگلور میٹرو فیز III پروجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ اس دوران وہ تین وندے بھارت ایکسپریس ٹرینوں کو بھی ہری جھنڈی دکھائیں گے۔مسٹر مودی اتوار کو صبح 11 بجے بنگلورو کے کے ایس آر ریلوے اسٹیشن سے تین وندے بھارت ایکسپریس ٹرینوں کو ہری جھنڈی دکھائیں گے اور پھر بنگلور میٹرو کی یلو لائن کو ہری جھنڈی دکھائیں گے اور آر وی روڈ (راگی گڈا) سے الیکٹرانک سٹی میٹرو اسٹیشن تک کا سفر بھی کریں گے۔ تقریباً ایک بجے بنگلورو میں شہری رابطہ پروجیکٹوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھنے کے بعد وہ ایک عوامی تقریب سے بھی خطاب کریں گے۔مسٹر مودی بنگلور میٹرو فیز -2 پروجیکٹ کے تحت آر وی روڈ (راگی گڈا) سے بوماسندرا تک یلو لائن کا افتتاح کریں گے۔ اس لائن کی لمبائی 19 کلومیٹر سے زیادہ ہے اور اس میں 16 اسٹیشن ہیں۔ اس پر تقریباً 7,160 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ اس یلو لائن کے کھلنے کے ساتھ ہی بنگلور میں میٹرو کا آپریشنل نیٹ ورک 96 کلومیٹر سے زیادہ بڑھ جائے گا۔ وزیر اعظم بنگلور میٹرو فیز 3 پروجیکٹ کا بھی سنگ بنیاد رکھیں گے جس کی لاگت 15,610 کروڑ روپے سے زیادہ ہے اور اس کی لمبائی 44 کلومیٹر سے زیادہ ہے اور 31 ایلیویٹڈ اسٹیشن ہیں۔وزیر اعظم بنگلورو سے تین وندے بھارت ایکسپریس ٹرینوں کو بھی ہری جھنڈی دکھائیں گے جن میں بنگلورو سے بیلگاوی ، امرتسر سے شری ماتا ویشنو دیوی کٹرا اور ناگپور (اجنی) سے پنے جانے والی ٹرینیں شامل ہیں۔ یہ تیز رفتار ٹرینیں علاقائی رابطوں میں نمایاں اضافہ کریں گی، سفر کا وقت کم کریں گی اور مسافروں کو عالمی معیار کا سفری تجربہ فراہم کریں گی۔



