پلّے کیلے، 11 جولائی (یواین آئی) کوسل مینڈس کی شاندار نصف سنچری (73 رنز) کی بدولت سری لنکا نے پہلے ٹی-20 میچ میں بنگلہ دیش کو چھ گیندیں باقی رہتے ہوئے سات وکٹ سے شکست دے دی۔ اس کے ساتھ ہی سری لنکا نے تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی ہے۔155 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کے سلامی بلے بازوں پاتھم نسانکا اور کوسل مینڈس نے شاندار شروعات کرتے ہوئے پہلے وکٹ کے لیے 78 رنز کی شراکت کی۔ پانچویں اوور میں مہدی حسن نے پاتھم نسانکا کو آؤٹ کر کے بنگلہ دیش کو پہلی کامیابی دلائی۔ پاتھم نسانکا نے صرف 16 گیندوں پر پانچ چوکے اور تین چھکے لگا کر 42 رنز کی تیزرفتار اننگز کھیلی۔ 13ویں اوور میں کوسل پریرا 24 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ 18ویں اوور میں سری لنکا کا تیسرا وکٹ کوسل مینڈس کے طورپرگرا، جنہوں نے 51 گیندوں پر پانچ چوکے اور تین چھکے لگا کر 73 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔سری لنکا نے 19 اوور میں تین وکٹ کے نقصان پر 159 رنز بنا کر میچ سات وکٹ سے جیت لیا۔ اویشکا فرنانڈو 11 اور کپتان چرِت اسالنکا ایک رن کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔بنگلہ دیش کی طرف سے محمد سیف الدین، مہدی حسن اور رشاد حسین نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل سری لنکا نے ٹاس جیت کر بنگلہ دیش کو بیٹنگ کی دعوت دی۔بنگلہ دیش کے سلامی بلےبازوں پرویز حسین ایمان اور ٹی حسن نے پہلے وکٹ کے لیے 46 رنز جوڑے۔ پانچویں اوور میں نووان تشارا نے حسن (16) کو آؤٹ کر کے یہ شراکت داری توڑ دی۔ اس کے بعد آئے کپتان لٹن کمار داس کو جیفری وانڈرسے نے ایل بی ڈبلیو کر دیا۔ نویں اوور میں مہیش تھکشانا نے پرویز حسین ایمان (22 گیندوں پر 38 رنز) کو آؤٹ کر کے سری لنکا کو تیسری کامیابی دلائی۔محمد توحید 10 اور مہدی حسن 29 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔بنگلہ دیش نے مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز بنائے۔محمد نعیم شیخ 29 رنز اور شمیم حسین 14 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔سری لنکا کی جانب سے مہیش تھکشانا نے دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ نووان تشارا، داسن شناکا اور جیفری وانڈرسے نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔



