جب تک یہ قانون واپس نہیں لیا جاتا، ہمارا احتجاج جاری رہے گا : امیر شریعت
آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کی زیر قیادت گاندھی میدان میں لاکھوں افراد کا مظاہرہ
پٹنہ، 29 جون:۔[جدید بھارت نیوز سروس] پٹنہ کے تاریخی گاندھی میدان میں آج اتوار کے روز ایک عظیم الشان احتجاجی جلسہ منعقد ہوا، جس میں لاکھوں افراد نے نئے وقف قانون کے خلاف آواز بلند کی۔ شرکاء نے اس قانون کو غیر آئینی اور اقلیت دشمن قرار دیتے ہوئے حکومت پر زور دیا کہ وہ اس قانون کو فوری طور پر واپس لے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ جب تک حکومت یہ قانون واپس نہیں لے لیتی، ان کا احتجاج جاری رہے گا۔امیر شریعت حضرت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ ہم سب کا عہد ہے کہ جب تک یہ کالا قانون واپس نہیں لیا جاتا، ہماری تحریک بھرپور طریقے سے جاری رہے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ اجتماع حکومت کو بتا رہا ہے کہ مسلمانوں اور اقلیتی کمیونٹیوں کی اجتماعی کوششوں سے ان شاء اللہ یہ قانون واپس ہو جائے گا۔آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ، امارت شرعیہ اور دیگر ملی جماعتوں کی قیادت میں ہونے والی اس کانفرنس میں ملک بھر کے مسلمان اور مختلف سیاسی رہنما شریک ہوئے۔ کانگریس کے رہنما دگ وجے سنگھ، طارق انور اور دیگر نے اپنے بیانات میں اس حکومت کی پالیسیوں کی مذمت کی اور کہا کہ بی جے پی کے اقتدار میں اقلیتی طبقہ شدید اضطراب میں مبتلا ہے۔کانفرنس میں تمام مذہبی رہنماؤں نے اس بات کا عہد کیا کہ وہ اس قانون کے خلاف بھرپور جدوجہد کریں گے اور اس کے نفاذ کو روکا جائے گا۔ آخرکار اس احتجاج کا اختتام حضرت امیر شریعت کی دعا پر ہوا، جس میں قانون کے خلاف کامیابی اور اس کی منسوخی کے لیے دعائیں کی گئیں۔
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.