ناٹنگھم، 29 جون (یواین آئی) انگلینڈ کی خواتین ٹیم پر ہندوستان کے خلاف کھیلے گئے پہلے ٹی-20 میچ میں سست اوور ریٹ کے لیے میچ فیس کا دس فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ہفتہ کی رات کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ کو مقررہ وقت سے دو اوورز کم پھینکنے کا قصوروار پایا گیا۔ آئی سی سی ضابطہ اخلاق کے سست اوور ریٹ سے متعلق آرٹیکل 22.2کے مطابق کھلاڑیوں پر مقررہ وقت میں گیند بازی نہ کرنے پر ہر اوور کے لیے ان کی میچ فیس کا پانچ فیصد جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔میدانی امپائرز جیکلین ولیمز اور جیمز مڈل بروک، تیسرے امپائر سو ریڈفرن اور چوتھے امپائر انا ہیرس نے الزام عائد کیا، جسے انگلینڈ کی کپتان نیٹ سائور-برنٹ نے قبول کر لیا۔ اس لیے رسمی سماعت کی کوئی ضرورت نہیں رہی۔واضح رہے کہ ہندوستان نے انگلینڈ کو پہلے ٹی-20 میچ میں 97 رنز سے شکست دی تھی۔ یہ انگلینڈ کی ٹی-20 میں اب تک کی سب سے بڑی ہار ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹی-20 میچ یکم جولائی کو برسٹل میں ہوگا۔



