Saturday, December 6, 2025
ہومInternationalغزہ کا معاہدہ کرو اور قیدیوں کو واپس لاؤ

غزہ کا معاہدہ کرو اور قیدیوں کو واپس لاؤ

ٹرمپ کا ایک پھر جنگ بندی پر زور

واشنگٹن، 29 جون (یواین آئی): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غزہ میں معاہدہ کرنے اور تمام قیدیوں کو واپس لانے پر زور دیا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر غزہ میں حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی پر زور دیا ہے جبکہ اسرائیل وزیراعظم نے کرپشن کیس کی مذمت کرنے پر امریکی صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کے ساتھ مل کر مشرق وسطیٰ کو دوبارہ عظیم بنانے کے عزم کا اظہار کردیا۔اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ٹروتھ سوشیل" پر ٹرمپ نے واضح الفاظ میں لکھا کہ"غزہ کا معاہدہ کرو اور قیدیوں کو واپس لاؤ"۔اس سے قبل اتوار ہی کے روز ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ اسرائیلی وزیرِاعظم بنجمن نیتن یاھو غزہ میں موجود قیدیوں کی رہائی کے لیے حماس کے ساتھ ایک معاہدے پر گفت و شنید کر رہے ہیں۔انہوں نے بنجمن نیتن یاھو کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اُن کے خلاف کرپشن کے مقدمات کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے ان عدالتی کارروائیوں کو "شدید مہم" قرار دیا جو ان کے بقول، مشرقِ وسطیٰ میں جاری سفارتی کوششوں کو متاثر کر سکتی ہیں۔ٹرمپ نے ہفتے کی شب اپنے ایک اور بیان میں کہاکہ "یہ تماشا جو انصاف کے نام پر ہو رہا ہے ایران اور حماس کے ساتھ مذاکرات کو بری طرح متاثر کرے گا۔ نیتن یاھو فی الوقت حماس کے ساتھ ایک معاہدے پر بات چیت کر رہے ہیں جس کا مقصد یرغمالیوں کی واپسی ہے"۔یہ بیانات ایک ایسے وقت میں سامنے آئے جب ہفتے کے روز تل ابیب میں ہزاروں افراد نے "اسیران چوک" میں جمع ہو کر غزہ میں جاری جنگ کے خاتمے اور قیدیوں کی واپسی کا مطالبہ کیا۔اسرائیلی اخبار "یدیعوت احرونوت" نے ایک اعلیٰ سیاسی ذریعے کے حوالے سے بتایا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ غزہ کی جنگ کو جلد از جلد ختم کرنا چاہتے ہیں۔اسی ذریعے نے یہ بھی کہا کہ صدر ٹرمپ کے خصوصی ایلچی، اسٹیو ویٹکوف، کی غزہ سے متعلق مجوزہ منصوبے کا دورانیہ کم کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔اسرائیلی چینل 13 کے مطابق، بنجمن نیتن یاھو جلد ہی واشنگٹن کا دورہ کریں گے جہاں وہ غزہ میں لڑائی کے خاتمے اور ممکنہ امن معاہدوں پر بات کریں گے۔ چینل کے مطابق، نیتن یاھو آئندہ دو ہفتوں میں وائٹ ہاؤس کا دورہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔واضح رہے کہ جمعے کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا تھا کہ انہیں یقین ہے کہ ایک جنگ بندی قریب ہے اور یہ اگلے ہفتے کے اندر طے پا سکتی ہے۔
Jadeed Bharat
Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
مقالات ذات صلة
- Advertisment -
Google search engine

رجحان ساز خبریں

احدث التعليقات