ہیمنت سورین نے کولیری مزدور یونین کنونشن سے خطاب میں ریاستی حکومت کے عزم کو دہرایا
جدید بھارت نیوز سروس
نئی دہلی؍رانچی، 28 جون: جھارکھنڈ کولیری مزدور یونین کا آٹھواں مرکزی کنونشن ہفتے کے روز رانچی کے سی ایم پی ڈی آئی، رویندر بھون میں منعقد ہوا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے دہلی سے آن لائن شرکت کرتے ہوئے یونین کے نمائندوں سے خطاب کیا۔اپنے پیغام میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت ریاست کے قبائلیوں، مقامی باشندوں، مزدوروں اور بے گھر افراد کو ان کے آئینی و انسانی حقوق دلانے کے لیے پرعزم ہے، اور یہ کوششیں مسلسل جاری رہیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کوئلہ منصوبوں میں کام کرنے والے مزدوروں کو نہ صرف روزگار کا تحفظ فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے بلکہ ان کے لیے رہائش، صحت، تعلیم اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کو بھی یقینی بنانے کی سمت میں کام کر رہی ہے۔وزیر اعلیٰ کا یہ آن لائن رابطہ اس بات کی علامت ہے کہ حکومت حالات جیسے بھی ہوں، عوامی مسائل اور محنت کش طبقے سے اپنا رشتہ قائم رکھتی ہے۔ پروگرام میں شریک یونین نمائندگان نے وزیر اعلیٰ کی گفتگو کو ایک حساس اور ذمہ دار قیادت کی مثال قرار دیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ریاستی حکومت، وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر مزدوروں کے حقوق اور فلاح و بہبود کے لیے مزید مؤثر انداز میں اقدامات کرے گی۔

یونین میں تنظیمی تبدیلیاں اور نئی کمیٹیوں کی تشکیل
یہ کنونشن یونین کی مرکزی ورکنگ کمیٹی کی 11 جون کو ہونے والی میٹنگ میں طے کیا گیا تھا، جو یونین کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ شیبو سورین کی ہدایت پر منعقد ہوئی تھی۔ اس میٹنگ میں کئی اہم فیصلے لیے گئے، جن میں کنونشن کے انعقاد کے ساتھ ساتھ تنظیمی ڈھانچے کی تبدیلی بھی شامل تھی۔ کنونشن کے آغاز کے لیے صبح 10 بجے پرچم کشائی اور ڈیلیگیٹ رجسٹریشن کا عمل طے پایا۔ اس سے قبل، مرکزی ورکنگ کمیٹی نے یونین کی تمام برانچ، پروجیکٹ، کولیری/علاقائی اور زونل کمیٹیوں کو فوری طور پر تحلیل کرنے کا اعلان کیا، اور نئی مدت کے لیے نئی کمیٹیوں کی تشکیل کا عمل شروع کر دیا گیا۔ اس مقصد کے لیے کول انڈیا کی تین بڑی ذیلی کمپنیوں ، سی سی ایل، بی سی سی ایل اور ای سی ایل، کے لیے ایک کنوینر بورڈ بھی تشکیل دیا گیا ہے۔
گروجی کی طبیعت تشویشناک، دعاؤں کی اپیل
ادھر یونین کے سرپرست اور سابق وزیر اعلیٰ شیبو سورین عرف گروجی کی طبیعت انتہائی ناساز ہے۔ اطلاعات کے مطابق، ان کی صحت میں بہتری کے لیے مسلسل طبی کوششیں جاری ہیں، تاہم ابھی تک کوئی خاطر خواہ بہتری دیکھنے میں نہیں آئی ہے۔ کانگریس لیجسلیچر پارٹی کے لیڈر پردیپ یادو نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ انہوں نے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین سے فون پر گفتگو کی، جس میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گروجی کی حالت نازک ضرور ہے، مگر وہ فی الحال مستحکم ہیں۔ اس سے قبل سابق وزیر اعلیٰ رگھوور داس نے بھی ہیمنت سورین سے بات کر کے گروجی کی خیریت دریافت کی۔



