ہمسایوں سے اچھے تعلقات قائم کرنا ضروری : وزیر دفاع
نئی دہلی۔ 27؍جون۔ ایم این این۔ وزیر دفاع جناب راجناتھ سنگھ نے 26 جون 2025 کو چین کے شہر چنگ ڈاؤ میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے وزراء دفاع کے اجلاس کے دوران اپنے چینی ہم منصب ایڈمرل ڈونگ جن سے دوطرفہ ملاقات کی۔ دونوں وزراء نے ہند-چین سرحد پر امن و امان قائم رکھنے کی ضرورت پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔وزیر دفاع نے دونوں جانب سے دو طرفہ تعلقات میں معمول کی صورت حال واپس لانے کے لیے کی جارہی کوششوں کو تسلیم کیا۔ انہوں نے پیچیدہ مسائل کو مستقل رابطے اور کشیدگی کوکم کرنے کےلیے منظم روڈ میپ کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت کو اجاگر کیا۔جناب راجناتھ سنگھ نے سرحدی انتظام وانصرام پر بھی زور دیا اور اس مسئلے پر قائم شدہ میکانزم کو فعال کر کے سرحدی حد بندی کا مستقل حل تلاش کرنے کی ضرورت پر تبادلہ ٔخیال کیا۔ انہوں نے بہترین باہمی مفاد کو حاصل کرنے ، ایشیا اور دنیا میں استحکام کے لیے ہمسایوں کے ساتھ اچھے تعلقات کے قیام کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ اس کے ساتھ ہی2020 کے سرحدی تنازعہ کے بعد پیدا ہوئی اعتماد میں کمی کو دور کرنے کےلیے عملی اقدامات کرنے کی اپیل کی۔دونوں وزراء موجودہ میکانزم کے تحت کشیدگی کم کرنے، غیر جانبداری، سرحدی انتظام اور بالآخر سرحدی حد بندی کے مسائل پر پیش رفت کے لیے مختلف سطحوں پر بات چیت جاری رکھنے پر متفق ہوئے۔وزیر دفاع نے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کے 75 سال مکمل ہونے کو ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔ انہوں نے پانچ سال کے وقفے کے بعد کیلاش مانسروور یاترا کے دوبارہ آغاز کو بھی سراہا۔جناب راجناتھ سنگھ نے اپنے ہم منصب کو 22 اپریل 2025 کو جموںوکشمیر کےپہلگام میں بے گناہ شہریوں کے خلاف کیے گئے وحشیانہ دہشت گرد انہ حملے سے آگاہ کیا اور پاکستان میں دہشت گردی کے نیٹ ورکس کو ختم کرنے کے مقصد سے شروع کیے گئے ہندوستان کے ‘آپریشن سندور’ کے سلسلے میں بھی تبادلہ ٔخیال کیا۔



